نواز شریف معاہدہ ہونے کی بات مان جائیں 23 تاریخ کو عدالت میں پیش کردیں گے ۔ شیخ رشید

جمعہ 17 اگست 2007 16:50

اسلام آباد (ٍٍاردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین17 اگست 2007 ) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ انہوں نے میاں نواز شریف اور حکومت کے درمیان وہ معاہدہ دیکھا ہے جس میں طے پایا تھا کہ نواز شریف دس سال تک وطن واپس نہیں آئیں گے اور سیاست میں حصہ نہیں لیں گے ۔ پیپلز پارٹی  ق لیگ اور ایم کیو ایم میں پاور شیئرنگ کا فارمولہ طے پاگیا ہے آنے والے دو ہفتے ملکی سیاست کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہوں گے ۔

ایک نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ وہ جھوٹے انسان نہیں ہیں وہ قسم کھا کر یہ کہہ سکتے ہیں کہ نواز شریف کے ساتھ ہونے والا معاہدہ حکومت کے پاس موجود ہے اور اس معاہدے میں طے پایا تھا کہ میاں نواز شریف اور شہباز شریف سیاست میں حصہ نہیں لیں گے اس کیلئے ان کی تمام سزائیں معاف کردی گئی تھیں اور معاہدے میں خودساختہ جلاوطنی بھی شامل تھی انہوں نے کہا کہ معاہدے میں یہ بھی شامل ہے کہ شریف برادران 10 سال تک پاکستان نہیں آسکتے اور نہ ہی سیاست میں حصہ لے سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لیڈر میں سچ بولنے کی ہمت ہونی چاہیے اور نواز شریف کے سابق دوست ہونے کی حیثیت سے ان کو مشورہ دیتا ہوں کہ وہ مان جائیں اب بھی وقت ہے ورنہ 23تاریخ کو حکومت کی طرف سے جب یہ معاہدہ سپریم کورٹ میں جمع کرایا جائے گا تو وہ پھر کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے ۔ پیپلز پارٹی سے حکومت کی ڈیل کے حوالے سے شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاور شیئرنگ کا فارمولا طے پاچکا ہے اور اس میں پیپلز پارٹی ایم کیو ایم اور ق لیگ کے لوگ شامل ہوں گے انہوں نے کہا کہ جو پارٹی زیادہ سیٹیں لے کر آئے گی اسی کو مرکز اور صوبوں میں زیادہ نمائندگی دی جائے گی چوہدری برادران سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہیں انڈر اسٹیمیٹ کررہے ہیں ان کو بھی سیاست میں ان کا حصہ ملے گا ان کا مستقبل بھی روشن ہے شیخ رشید احمد نے کہاکہ پہلے انہوں نے پاکستانی سیاست کیلئے چار ہفتوں کا وقت اہم قرار دیا تھا لیکن اب آئندہ آنے والے دو ہفتے ملکی سیاست میں بہت اہمیت کے حامل ہوں گے ۔