قومی مفاد کی خاطر نواز شریف سمیت ہر ایک سے بات چیت کیلئے تیار ہیں، چوہدری شجاعت،بڑی جماعتوں میں اختلافات عام بات ہے، پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر نہیں بلکہ اس کے خلاف الیکشن لڑیں گے ، مسلم لیگ کے صدر کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اتوار 19 اگست 2007 22:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19اگست۔2007ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ قومی مفاد کی خاطر نواز شریف سمیت ہر ایک سے بات چیت کیلئے تیار ہیں ، بڑی جماعتوں میں اختلافات عام بات ہے ، پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر نہیں بلکہ ان کے خلاف الیکشن لڑیں گے۔ گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کے اندر کوئی دراڑ نہیں پڑ رہی ہے ۔

صدر مشرف نے ملتان کا گزشتہ روز دورہ کیا جہاں کچھ اراکین ملک سے باہر ہونے اور کچھ بیماری کی وجہ سے ان سے نہیں مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ بڑی سیاسی جماعتوں میں اندرونی اختلافات عام سی بات ہے۔ پیپلز پارٹی کے ساتھ ڈیل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہمیں کوئی پریشانی لاحق نہیں ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

صدر مشرف جو کچھ بھی کر رہے ہیں مشورے کے ساتھ کر رہے ہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قومی مفاد کی خاطر نواز شریف سمیت ہر ایک سے بات چیت کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں آئیں اور ہمارے ساتھ بیٹھیں ۔ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملکی مفادات کیلئے کام کرنا چاہیے۔ میر ظفر اللہ جمالی کی ناراضگی کے حوالے سے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ میر ظفر اللہ جمالی نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ جب ان کے علاقے میں آیا تو میں ان کے مخالفین کے ساتھ چلا گیا اور انکے پاس نہیں آیا اس لئے میں ناراض ہوں مسلم لیگ ایک بڑی سیاسی جماعت ہے اور اس طرح کی کچھ باتیں ہوتی ہیں تو اس میں کوئی بڑی بات نہیں ۔

بے نظیر بھٹو اور صدر مشرف ڈیل کے حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ جو بھی ڈیل ہو رہی ہے اس میں کوئی ایسی بات نہیں ہے کہ ہم پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر الیکشن لڑیں گے بلکہ ہم پیپلز پارٹی کے خلاف الیکشن لڑیں گے۔ پگاڑا صاحب کے بیان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ فنکشنل ہمارے ساتھ ہے اور رہے گی قومی مفاد کے حوالے سے بات ہونی چاہیے۔