مقبوضہ کشمیر میں جھڑپیں‘ 3مجاہدین شہید‘ ایک بھارتی فوجی ہلاک‘ متعدد زخمی

پیر 20 اگست 2007 12:36

سرینگر (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار20 اگست2007) مقبوضہ کشمیر میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان شدید جھڑپیں‘ حزب المجاہدین کے ایک کمانڈر سمیت تین مجاہد شہید جبکہ ایک بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے‘ بھارتی فوج نے بھاری ہتھیار اور گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ رو ضلع کپواڑہ کے علاقے لولاب میں بھارتی فوج نے مخبری پر ایک گھر پر چھاپہ مارا جہاں مجاہدین کا ایک گروپ موجود تھا کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی جھڑپ میں حزب المجاہدین کا ایک کمانڈر فیاض احمد ہلاک ہوگیا جبکہ دو مجاہد بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے سرنکوٹ کے علاقے میں مجاہدین کی بچھائی گئی بارودی سرنگ سے ٹکرا کر بھارتی فوج کی ایک گاڑی تباہ ہوگئی جس کے نتیجے میں ایک فوجی ہلاک اور چار زخمی ہوگئے بارہ مولہ کے علاقے میں بھارتی فوج اور مجاہدین کے درمیان جھڑپ میں دو مجاہد شہید جبکہ تین بھارتی فوجی زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

بھارتی فوج کے ایک ترجمان کے مطابق مجاہدین کا ایک گروپ جنگل میں موجود تھا اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے کریک ڈاؤن شروع کردیا تو عسکریت پسندوں نے فائرنگ شروع کردی تاہم فائرنگ کے تبادلہ میں دونوں عسکریت پسند ہلاک ہوگئے ادھر راجوری کے علاقے میں بھارتی فوج نے لشکر طیبہ کے ایک کمانڈر کو تین ساتھیوں سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔