بھارت نے مسئلہ کشمیر کے حل کا سنہری موقعہ گنوا دیا۔ عمر عبدالله ۔۔صدر مشرف مسئلے کے حل کیلئے موزوں شخصیت ہیں اور وہ اس کے حل کیلئے سنجیدہ نظر آرہے ہیں‘ بھارتی حکومت کے پاس وقت کم ہے وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے فیصلہ کن اقدام اٹھائے‘ نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق بھارتی نائب وزیر خارجہ کا کولگام میں عوامی اجتماع سے خطاب

جمعرات 23 اگست 2007 13:49

سری نگر (ٍٍاردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین23 اگست 2007) مقبوضہ کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق بھارتی نائب وزیر خارجہ عمر عبدالله نے بھارتی مرکزی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے مسئلہ کشمیر کے حل کا سنہری موقعہ گنوا دیا ہے‘ بھارتی قیادت کے پاس وقت بہت کم ہے اور وہ اس مسئلے کے حل کیلئے فیصلہ کن اقدام اٹھائے‘ صدر مشرف مسئلہ کے حل کیلئے موزوں شخصیت ہیں لیکن بھارتی حکومت اس موقع سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہی ہے۔

گزشتہ روز کولگام میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عمر عبدالله نے بھارتی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کا سنہری موقعہ کھو رہی ہے انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کے پاس بہت کم وقت رہ گیا ہے کہ مسئلہ کے حل کے حوالے سے فیصلہ کن اقدام اٹھائیں انہوں نے کہا کہ صدر مشرف مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مناسب شخصیت ہیں اور وہ اس مسئلے کے حل میں سنجیدہ نظر آتے ہیں لیکن بھارتی حکومت اس موقعہ سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہی ہے۔

(جاری ہے)

نیشنل کانفرنس کے صدر نے کہا کہ ڈاکٹر من موہن سنگھ شیطان اور گہرے سمندر کے درمیان پھنس گئے ہیں انہوں نے پاکستان اور بھارت کی حکومت کے اندرونی مسائل میں پھنس جانے کو کشمیریوں کی بدقسمتی قرار دیا اور کہا کہ گزشتہ دو عشروں سے کشمیریوں کا خون بہہ رہا ہے انہوں نے کہا کہ پہلے بھی پاکستانی صدر عدالتی بحران اور لال مسجد کے معاملے میں پھنسے رہے جبکہ اب بھارتی حکومت امریکہ کے ساتھ جوہری معاہدے کے معاملے پر اتحادیوں کی طرف سے شدید تنقید کا نشانہ بنی ہوئی ہے اور بحران کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ نہ صرف یہ بلکہ پاکستان کی طرف سے جوہری معاہدے پر تنقید جاری پاک بھارت امن مذاکرات کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی پالیسیاں دھوکہ دہی پر مبنی ہیں حقیقت میں ان کے پاس لوگوں کو دینے کے لئے کچھ نہیں ہے انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر سے فوجی انخلاء کا نعرہ بھی مزید بارہ ہزار فوجیوں کی تعیناتی کے بعد اپنی اہمیت کھو چکا ہے۔