مقبوضہ کشمیر، ظالمانہ کارروائیوں میں 3کشمیری شہید،بھارتی فوج کے مختلف کیمپوں پر حملے،4اہلکار زخمی

پیر 27 اگست 2007 12:00

سرینگر( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اگست۔2007ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ظالمانہ کارروائیوں کے دوران دو کشمیریوں کو شہید کردیا، جھڑپوں میں حزب المجاہدین کا آپریشنل کمانڈر شہید کرنے کا دعوی ، کپوارہ میں فوج کے ایک بنکر میں اچانک دھماکہ ہونے اور گولی چلنے کے نتیجہ میں 4اہلکار زخمی ہوگئے ترال کے ایک فورسز کیمپ میں پے در پے دھماکوں سے قصبے میں افرا تفری پھیل گئی ، لولاب میں فوج اور مجاہدین کے مابین فائرنگ کے تباد لہ۔

تفصیلات کے مطابق کپوارہ بازار میں 41آرآر کے ایک بنکر میں اچانک دھماکہ ہوا جس کے نتیجہ میں بنکر کو شدید نقصان پہنچا ۔ دھماکے کی زد میں آکر کانسٹیبل گری کول ،لانس نائیک بی ایس سوری اور کانسٹیبل رام چندشدید زخمی ہوئے ۔ اس موقع پر افرا تفری کے عالم میں کانسٹیبل گریش کمارکی سروس رائفل سے اچانک گولی چلی جو اس کے پیر میں جالگی اور وہ بھی زخمی ہوا۔

(جاری ہے)

اے ایس پی کپوارہ شاہد معراج نے بتایا کہ دھماکے میں 2اہلکار زخمی ہوئے اور تیسرا اہلکار گولی لگنے سے زخمی ہوا۔ ابتدائی طور پر پولیس کا کہنا ہے کہ بنکرپر گرینیڈپھینکا گیا تاہم مقامی لوگوں کاکہنا ہے کہ کوئی بارودی مواد بنکر کے اندر پھٹ گیا جس کے نتیجہ میں دھماکہ ہوا۔اس دوران ترال بالا میں قائم سی آر پی ایف 184بٹالین کیمپ میں دوپہر ایک بجے کے قریب پے در پے دو زور دار دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں پورا قصبہ لرز اٹھا اور وہاں افرا تفری پھیل گئی۔

معلوم ہوا ہے کیمپ میں سی آر پی ایف اہلکاروں کی تربیت کے دوران تجرباتی دھماکے کئے گئے جنکی آواز سے لوگ ہراساں ہوئے۔ ادھر 28آر آر کی ایک گشتی پارٹی اور مجاہدین کے درمیان لولاب کے ڈورس ونی علاقہ میں فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جو کافی دیر تک جاری رہا۔فائرنگ کے تبادلے کے دورا ن مجاہدین فرارہوئے تاہم بعدمیں فورسز نے وہاں سے 25کلوگرام کھانڈ ، آلو ،پیاز ، صابن اور دیگر سامان برآمد کیا۔

اس دوران اتواربعد دوپہر گول ادھمپورسے 20کلو میٹر دورڈنگناڑی چوکا ڈھوک علاقہ میں58آر آر اور ایس او جی کی مشترکہ کارروائی کے دوران حزب المجاہدین کا آپریشن کمانڈر اعجاز احمد چوپان عرف قاری ماراگیا۔پویس ذرائع کے مطابق مصدقہ اطلاعات ملنے پر فوج اور پولیس کی مشترکہ ٹیم نے علاقہ میں تلاشی مہم شروع کی جس کے دوران مجاہدین نے ان پر فائرنگ شروع کر دی۔ ذرائع کے مطابق قاری جوابی فائرنگ کے دوران مارا گیا۔ تاہم پولیس کا کہناہے کہ اس کے ساتھی محاصرہ سے نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔ آخری اطلاعات ملنے تک تلاشی مہم جاری تھی۔ادھر پاندچھ میں سی آر پی ایف کی 45بٹالین نے شالی کی کھیتوں کے نزدیک ایک گرینیڈ کو ناکارہ بنادیا۔