سپریم کورٹ کا پنجاب پولیس کی کارکردگی پر اظہار اعتماد، آئی جی پنجاب کی رپورٹ پر چیف جسٹس نے ازخود نوٹس کی کارروائی نمٹا دی

پیر 27 اگست 2007 13:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27اگست۔2007ء) چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری نے پنجاب اور جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف پولیس کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کی رپورٹ پر ازخود نوٹس کی کارروائی کی نمٹا دی ہے۔ ازخود نوٹس کی سماعت چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے اپنے چیمبر میں سوموار کے روز کی۔ آئی جی پنجاب اور اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب راجہ محمد سید اکرم پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب رپورٹ پیش کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ پنجاب میں کل 182 جرائم پیشہ گروہ تھے جن میں 133 گروہ گرفتار کر لئے گئے ہیں جبکہ 37 گروہوں کا گرفتار کیا جانا ابھی باقی ہے۔ انہوں نے عدالت کو مزید بتایا کہ بدنام زمانہ جرائم پیشہ محمد اکرم بھٹی اور لاہور میں اسلم نامی شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے جو کہ 6 نومبر 2006ء کو گرفتار کئے گئے ہیں۔ آئی جی نے عدالت کو مزید بتایا کہ 59 افراد ابھی بھی مفرور ہیں۔ 133 گینگ کے 155 افراد گرفتار کئے گئے ہیں۔ 37 افراد باقی ہیں۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے پولیس رپورٹ پر ازخود نوٹس کی کارروائی نمٹا دی ہے۔