مقبوضہ کشمیر‘لاپتہ افراد کے عالمی دن کے موقعہ پر مختلف تقریبات کا اہتمام

جمعہ 31 اگست 2007 11:17

سرینگر (ٍٍاردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین31 اگست 2007) لاپتہ افراد کی یاد میں منائے جانے والے عالمی دن کے موقع پر مقبوضہکشمیر میں بھی حراست کے بعد لاپتہ ہو جانے والے افراد کے اقرباء نے تقریبات کا اہتمام کیا۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز سرینگر کے شیر کشمیر پارک میں لاپتہ افراد کے لواحقین کی تنظیم ’ایسوسی ایشن آف پیرنٹس آف ڈِس اپیئرڑ پرسنز‘ یا اے پی ڈی پی نے ایک تصویری نمائش منعقد کی۔

اس کے علاوہ متاثرہ لواحقین نے ایک مقامی ہوٹل میں سیمینار کے دوران عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ ان کی دادرسی کریں۔شیرکشمیر پارک میں75 سالہ حاجی غلام نبی نقشبندی جذباتی ہوگئے اور اپنے پوتے وقار احمد نقشبندی کو مبینہ طور پر ’لاپتہ کرنے والوں‘ کو بددعا دیتے ہوئے انہوں نے کہا’اسی ہزار سال تک تم لوگ تڑپتے رہو،اسی درد میں مبتلا رہو، جس میں ہم لوگ ہیں۔

(جاری ہے)

‘اس دوران اے پی ڈی پی کی طرف سے ایک سیمینار منعقد ہوا جس میں لاپتہ افراد کے ننھے اقرباء نے اپنی روداد سنائی۔مہوش نے کسی ادارہ یا حکومت کا نام لیے بغیر کہا کہ ، ’ہماری آواز سنو، مجھے میرے بھیا کا پتہ دے دو۔‘انسانی حقوق تنظیموں کا کہنا ہے کہ بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں آٹھ سے دس ہزار افراد کو فورسز نے حراست میں جبری طور لاپتہ کیا۔ سِول سوسائٹی کی انجمنوں کے اتحاد کے سربراہ پرویز امروز نے سیمینار میں بتایا کہ لاپتہ افراد کی صحیح تعداد کا پتہ لگانا اس وقت تک تک مشکل ہے جب تک غیر جانبدار عالمی اداروں کو کشمیر میں سروے کی اجازت نہیں دی جاتی۔