مقبوضہ کشمیر ،فوجی تسلط کی وجہ سے حالت جنگ میں ہے ،یہاں انسانوں کو گرفتار کرکے غائب کردیا جاتاہے۔ علی گیلانی

جمعہ 31 اگست 2007 12:41

سرینگر(ٍٍاردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین31 اگست 2007) کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیرمین سید علی شاہ گیلانی نے کہا ہے کہ وادی میں 10ہزار سے زائد افراد لاپتہ کئے گئے ہیں اور بھاری فوجی تسلط کی وجہ سے یہ علاقہ حالت جنگ میں ہے اور یہاں لوگوں کے شہری حقوق کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ عالمی سطح پر گمشدہ افراد سے متعلق منائے جارہے دن کے موقع پر انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ریاست کی صورتحال انتہائی سنگین ہے اور لاپتہ ہونے والے ہزاروں افراد کی بازیابی کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی۔

انہوں نے کہا کہ ریاست دنیا کا وہ واحد خطہ ہے جہاں انسانوں کو گرفتار کرنے کے بعد غائب کردیا گیا ہے اور17برسوں میں انکی تعداد 10ہزار سے بھی تجاوز کرگئی ہے۔ علی گیلانی نے کہا کہ گمشدہ افراد کے لواحقین انتہائی دردوکرب میں ہیں اور بیشتر اپنے عزیزوں کی تلاش کرتے کرتے جسمانی اور نفسیاتی امراض کا شکار ہوکر خود بھی قریب المرگ پہنچ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

سید گیلانی کے بقول دلی سرکار ٹس سے مس نہیں ہوتی ہے اور وہ اس سلسلے میں بالکل لا تعلق اوربے پرواہی بنی ہوئی ہے۔ان کاکہنا تھا کہ بھارت اپنی بالادستی قائم رکھنے سے مطلب رکھتے ہیں اور انہیں کشمیریوں کے دکھوں کا کوئی احساس نہیں ہے اورریاستی حکومت خاموش تماشائی کا رول نبھا رہی ہے۔ سید گیلانی نے عالمی اداروں کی حقوق بشر سے وابستہ تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ لاپتہ شہریوں کی بازیافت کے لئے اپنا موثر رول نبھائیں۔

حریت چیئرمین نے کہا کہ طاقت اور بندوق کے ذریعے سروں کو فتح تو کیا جاسکتا ہے لیکن دلوں پر جیت حاصل کرنا اس راستے سے ممکن نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکمرانوں کو حقیقت پسندانہ اپروچ اختیار کرکے کشمیریوں کے احساسات اور جذبات کی قدر کرنی چاہئے اوریہ خود بھارت کے حق میں مفید رہے گا۔

متعلقہ عنوان :