بھارت اور پاکستان باہمی مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر حل نہیں کرسکتے‘ یاسین ملک

بدھ 5 ستمبر 2007 11:37

سرینگر(ٍٍاردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین05 ستمبر2007) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی لازوال قربانیوں نے مسئلہ کشمیر کو عالمی ایوانوں میں زندہ کردیا ہے‘ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی‘ عالمی برادری مسئلہ کشمیرحل کرانے کے لئے اپنا کردا ر ادا کرے‘ پاکستان اور بھارت باہمی مذاکرات کے ذریعے تنازعہ کشمیر حل نہیں کرسکتے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اوڑی میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اوڑی کے مرکزی بازار سے متصل پارک میں عارضی خیمہ بستی قائم کرتے ہی قائدکاروان محمد یاسین ملک کی سربراہی میں ایک جلوس نکالا گیا جو بس اڈے پر جاکر ایک جلسے کی شکل میں مجتمع ہوا۔ جلسے سے یاسین ملک کے علاوہ سمپت پرکاش نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

نماز مغرب کے بعد ایک مشعل بردار ریلی نکالی گئی۔

اس تاریخی جلوس میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اوڑی قصبے کی تاریخ میں یہ پہلی اور منفرد تحریکی ریلی قصبے کے تمام محلہ جات اور راستوں گذری،قصبہ اوڑی کی فضا آزادی ، شہداء،اور جے کے ایل ایف کے لئے نعروں سے گونج اٹھی۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے یاسین ملک نے کہا کہ آج مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کی خاطر دنیا کا دباؤ ہندوپاک پر ہے۔

یہ دباؤ دراصل ہماری عظیم شہداء کی قربانیوں کے طفیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوڑی کے لوگوں کی تکالیف اور مصا ئب ومشکلات سے ہم نجوبی آگاہ ہیں اسی لئے ہم نے کھبی بھی یہاں کے لوگوں سے قربانی نہیں مانگی،لیکن آج جب کہ ہماری تقدیر سازی کا مرحلہ سامنے ہے اوڑی کے غیرت مندوں کو بھی آگے آکر دی گئی قربانیوں کا امین بننا پڑے گا۔یاسین ملک نے کہا کہ آج اوڑی کا یہ تاریخی جلسہ اور جلوس ہندوپاک کے ساتھ ساتھ پوری عالمی برادری کیلئے بھی چشم کشا ہونا چاہئے۔ یاسین ملک نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ مسئلہ کشمیر حل کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے کیونکہ پاکستان اور بھارت باہمی مذاکرات سے اس تنازعے کو حل نہیں کرسکتے۔