پاک بحریہ نے یوم دفاع پاکستان انتہائی عقیدت و احترام سے منایا

جمعرات 6 ستمبر 2007 18:41

کراچی (ٍٍاردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین06ستمبر2007) پاک بحریہ نے یوم دفاع پاکستان انتہائی عقیدت و احترام سے منایا ۔ یہ دن 1965ء کی پاک بھارت جنگ کے دوران پاک بحریہ کے شہداء کی عظیم قربانیوں اور غازیوں کی دلیرانہ کارروائیوں کی یاد میں منایا جاتا ہے ۔ اس موقع پر اپنے پیغام میں پاک بحریہ کی سربراہ ایڈمرل محمد افضل طاہر نے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کی بے مثال قربانیاں جرات اور بہادر ی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی اور آئندہ نسلوں کو یہ پیغام دیتی رہے گی کہ وہ وطن عزیز کی سلامتی اور خود مختاری کی ہر قیمت پر حفاظت کریں اور اس کے لئے اپنی جان دینے سے بھی گریز نہ کریں ۔

6 ستمبر کا آغاز پاک بحریہ کی تمام مساجد میں شکرانے کے نوافل اور شہداء کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی سے ہو ا۔

(جاری ہے)

پاکستان نیوی ڈاکیارڈ میں شہداء کی یادگاروں پر پھول چڑھائے گئے اور فاتحہ خوانی کی گئی ۔ علاوہ ازیں تینوں مسلح افواج کے نمائندوں نے مزار قائد پر حاضری دی ۔ پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی ۔ پاک بحریہ کی تمام یونٹوں اور اسٹیبلشمنٹس میں پرچم کشائی کی تقریبات منعقد ہوئیں اور چیف آف نیول اسٹاف کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا ۔

اس موقع پر کمانڈنگ افسروں نے افسروں اور جوانوں سے خطاب کیا او راس کی دن اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ زندگی کی مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد نے دن کے مختلف اوقات میں پاکستان میری ٹائم میوزیم کا دورہ کیا او روہاں رکھی گئی نیوی کے تاریخی اثاثوں کو دلچسپی سے دیکھا ۔ اسکول کے بچوں نے خود کار ہتھیاروں ، گن بوٹس اور جہازوں کے متعلق ذوق و شوق سے معلوما ت حاصل کیں ۔

اس موقع پر پاک بحریہ کے بینڈ نے مشہور قومی ترانوں اور ملی نغموں کی د ھنیں بجائیں ۔ یوم دفاع کی مناسبت سے پاک بحریہ کی مختلف یونٹوں میں خصوصی پروگرامز کا انعقاد کیا گیا ۔ پاکستان نیول اکیڈمی میں آل پاکستان تقریری مقابلے کا اہتمام کیا گیا جس میں ملک بھر سے طلبا کی ایک بڑی تعداد نے حصہ لیا ۔ بحریہ الجز NORE-1 اور کارساز میں بھی طلبا کی دلچسپی اور معلومات کے لئے تقریری مقابلے ، کوئز پروگرامز او رٹیبلوز منعقد کئے گئے ۔ علاوہ ازیں مختلف کھیلوں کے مقابلے بھی یوم دفاع کی تقریبات کا اہم حصہ رہے ۔