یکم سے 15 رمضان المبارک تک ریلوے کرایوں میں 25 فیصد کمی کا اعلان.محکمہ ریلوے اصلاحاتی عمل کے باعث ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے‘ جلد مستحکم ادارہ بنے گا.کلثوم نواز کسی بھی وقت‘ نواز شریف 3سال بعد وطن واپس آسکیں گے‘ شیخ رشید کی پریس کانفرنس

بدھ 12 ستمبر 2007 15:25

اسلام آباد (ٍٍاردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین12ستمبر2007) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے یکم رمضان المبارک سے پندرہ رمضان تک ریلوے کرایوں میں پچیس فیصد کمی کا اعلان کردیا۔ اسلام آباد میں بدھ کے روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے بتایا کہ یکم سے پندرہ رمضان المبارک تک مسافروں کو ریلوے کرایوں میں پچیس فیصد رعایت دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ ریلوے کو اصلاحاتی عمل کے باعث ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے اور بہت جلد ریلوے ایک مستحکم ادارہ بنے گا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر سے پر یس کانفرنس کے دوران جب یہ سوال پو چھا گیا کہ کیا وفاقی وزیر کی حیثیت سے یہ ان کی آخری پریس کانفرنس ہے؟ تو انہوں نے جواباً کہا کہ ممکن ہے یہ پریس کانفرنس ان کی آخری پریس کانفرنس ہو۔بیگم کلثوم نوازکی پاکستان آمد کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ کلثوم نواز سے معاہدے کا تعلق نہیں ہے وہ پاکستان آسکتی ہیں۔نواز شریف کے بارے میں اس سوال پر کہ نواز شریف مزید تین سال سعودی عرب میں قیام کے بعد پاکستان آئیں گے تو انہوں نے کہا کہ سیاست میں کوئی چیز حرف آخر نہیں ہوتی کسی بھی وقت ماحول بدل سکتا ہے۔