منفی سیاست کی بجائے عملی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔ آفتاب شیر پاؤ۔۔پیپلز پارٹی شیر پاؤ اپنے منشور کے مطابق ہمیشہ غریبوں، مظلوموں، کسانوں اور مزدوروں کے حقوق کیلئے آواز اٹھاتی ہے، وزیر داخلہ کی گدون سے تعلق رکھنے والے پی پی (ش) کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو

جمعرات 20 ستمبر 2007 16:38

اسلام آباد(ٍٍاردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین20ستمبر2007) پاکستان پیپلز پارٹی (شیر پاؤ) کے چیئرمین اور وفاقی وزیر داخلہ آفتاب احمد خان شیر پاؤ نے کہ ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی شیر پاؤ نے اپنے منشور کے مطابق ہمیشہ غریبوں، مظلوموں، کسانوں اور مزدروں کے حقوق کیلئے آواز اٹھائی ہے کیونکہ ہم منفی سیاست کی بجائے عوام کی عملی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔

ان خیالات کاا اظہار انہوں نے گدون کے پاکستان پیپلز پارٹی شیرپاؤ کے ایک نمائندہ وفد سے وزارت داخلہ میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حیات شیر پاؤ شہید نے پختونوں کے حقو ق کیلئے اپنی جان کی قربانی دی ان کا مشن ہمیشہ زندہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاست کا محور صرف اور صرف عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کا ان کی دہلیز پر حل کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان ترقی کرتا ہوا پاکستان ہے ہم نے کشکول توڑ دیا ہے کیونکہ ہم قرضے لے کر اپنی آنے والی نسلوں کو گروی رکھنے پر یقین نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دہشتگردی، فرقہ واریت اور انتہاپسندی کے خاتمہ کیلئے ہمیشہ سنجیدہ کوششیں کی ہیں ہمارے مو ثر اور کلیدی کردار کو امریکہ سمیت پوری دنیا نے سراہا ہے۔ قبل ازیں پاکستان پیپلز پارٹی شیر پاؤ گدون کے وفد جس کی قیادت ممتاز رہنما محمد اکمل ایڈووکیٹ کر رہے تھے نے علاقہ کے مسائل پر روشنی ڈالی اور اپنے وفد کی طرف سے پاکستان پیپلز پارٹی شیر پاؤ کی قیادت کی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شیر پاؤ حقیقی معنوں میں عوامی پارٹی ہے جس کے قائدین کے دل میں عوام کا درد ہے جس کی بدولت ہم آنے والے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی شیر پاؤ کے امیدواروں کو واضح اکثریت سے کامیاب کروائیں گے۔

متعلقہ عنوان :