اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاریاں اور نظر بندیاں قابل مذمت ہیں، حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پراترآئی ہے۔ کلثوم نواز ۔۔ صدارتی انتخابات کی کامیابی کیلئے ون مین شو کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے، عوامی سیلاب مشرف کو دوبارہ انتخاب سے روک لے گا

اتوار 23 ستمبر 2007 16:44

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین23ستمبر2007) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز نے مسلم لیگ (ن) اور اے پی ڈی ایم کی قیادت کی گرفتاریوں اور نظر بندیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے اور صدارتی انتخاب کو کامیاب کرنے کیلئے ون مین شو کا مظاہرہ کرنا چاہتی ہے۔ مسلم لیگ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق کلثوام نواز نے کہا کہ آمریت کا جانا ٹھہر گیا ہے، عوامی سیلاب مشرف کو صدارتی انتخاب سے روک لے گا اب جیت آئین اور قانون کی ہو گی، عدالت عظمیٰ جراتمندانہ اقدامات نے سالمیت پاکستان کی ضمانت فراہم کر دی ہے عوام اور عدالت کا رابطہ بحال ہے سالمیت پاکستان اور آئین کی بالادستی کیلئے عدالت عظمیٰ کے ہر حکم پر 16 کروڑ عوام لبیک کہیں گے اور عدالت کے فیصلوں کو کسی سرکش کے ہاتھوں سرد خانہ کی نظر نہیں ہونے دیں گے۔

(جاری ہے)

سابق چیف جسٹس ارشاد دحسن خان اگر فرض شناسی سے کام لیتے اپنے بظاہر روشن مستقبل کی بجائے ملک کے مستقبل کو مقدم جانتے تو آج بلوچستان، وانا، لال مسجد سے معصوم جانوں کا خون نہ رس رہا ہوتا آج ملک اور افواج پاکستان مشرف کے ہاتھوں یرغمال نہ بنے ہوتے ہم ایک آزاد اوعر خود مختار ریاست کے وجود سے وابسطہ ہیں 28 مئی 1999ء کو دنیا اور سپر پاور کو یہ باور کر وا دیا تھا ہم زندہ قوم ہیں اپنے فیصلے خود کرنے کی جرات و ہمت رکھتے ہیں آج نواز شریف کی دوبارہ جلا وطنی اس بات کی روشن دلیل ہے کہ ہم 28 مئی کی طرح ہر فیصلہ قوم اور ملک کی سلامتی کیلئے کرینگے اس کیلئے جلا وطنی سے بھی اگر کوئی زیادہ قیمت ہے تو پاکستان کیلئے ادا کرنا اپنا فرض جان کر ادا کرینگے دوسری جانب مشرف حکومت نے ملکی وقار کا مذاق بنا دیا ہے وائٹ ہاؤس کے کسی بھی سیکرٹری کے فون پر لبیک کہنا اپنے لئے عافیت سمجھ رہے ہیں افسوس ہے کہ ہماری سرحدوں کی محافظ فوج کو ایک شخص اپنی حفاظت کیلئے بے دریغ استعمال کر رہا ہے، 1965ء اور 1971ء کی جنگوں میں اتنا مالی نقصان نہیں ہوا جتنا فوج نے مشرف کیلئے جانی نقصان اٹھایا ہے۔