کراچی اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، سرمایہ کاری مالیت میں 2کھرب 43 ارب سے زائد کا اضافہ

پیر 24 ستمبر 2007 17:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24ستمبر۔2007ء) کراچی اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کی پہلے روز پیر کو زبردست تیزی رہی کے ایس ای 100 انڈیکس 13100 13200کی نفسیاتی حدیں بحال ہوگئیں، جبکہ سرمایہ کاری مالیت 40 کھرب سے تجاوز کرگئی ۔ مارکیٹ کا آغاز مثبت انداز میں ہوا اور تیزی کا یہ تسلسل سارا دن جاری رہا سرمایہ کار سیمنٹ اور بینکنگ سیکٹر میں سرگرم نظر آئے،60 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کاروباری حجم 66 فیصد زائد رہا ۔

مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 154.95 پوائنٹس اضافے سے 13220.20پوائنٹس پر بند ہوا ۔ سرمایہ کاری مالیت میں 2 کھرب 43ارب 59 کروڑ 78 لاکھ 55ہزار1 روپے کا اضافہ ہوا جبکہ سرمایہ کاری کی کل مالیت 38 کھرب 7 ارب 97 کروڑ 88لاکھ 20ہزار 214 روپے سے بڑھ کر 40 کھرب 51ارب 57کروڑ 66لاکھ 75ہزار 215 روپے ہوگئی ۔

(جاری ہے)

مجموعی طور پر 336کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا 199 میں اضافہ 103میں کمی اور 34کے بھاؤ میں استحکام رہا ۔

کاروباری حجم مجموعی طور پر 21کروڑ 1 لاکھ 43 ہزار شیئرز رہا جو جمعہ کے مقابلے میں 8 کروڑ 28 لاکھ شیئرز زائد ہے ۔ قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے سیمنز کے حصص سرفہرست رہے جو 45روپے اضافے سے 1545 روپے، یونی لیور پاک فوڈ کے حصص 30 روپے اضافے سے 1030 روپے پر بند ہوئے، نمایاں کمی حبیب بینک لمیٹڈ کے حصص میں ریکارڈ کی گئی جو 15.25 روپے کمی سے 289.75 روپے، جہانگیر صدیقی اینڈ کو کے حصص 10 روپے کمی سے 483 روپے پر بند ہوئے ۔

نمایاں کام لکی سیمنٹ کے شیئرز میں ریکارڈ کیا گیا جو 2 کروڑ 93 لاکھ 37 ہزار 300 شیئرز رہا جس کی قیمت 4.90 روپے اضافے سے 129.50 روپے، ڈی جی خان سیمنٹ 1.45 روپے اضافے سے 108.45 روپے، فوجی فرٹیلائزر بن قاسم 1.25 روپے اضافے سے 43.75روپے، ورلڈ کال ٹیلی کام 25پیسے کمی سے 20.05 روپے، اینگرو کیمیکل 4.35 روپے اضافے سے 256.85 روپے، ٹی آر جی پاکستان 30پیسے اضافے سے 14.70 روپے، عارف حبیب سیکورٹیز 6.45 روپے اضافے سے 135.50 روپے، نیشنل بینک 4. روپے اضافے سے 242.50 روپے، دی بینک آف پنجاب 2.60 روپے اضافے سے 100.40 روپے پی ٹی سی ایل کے شیئرز 1.30 روپے اضافے سے 51.30 روپے پر بند ہوئے ۔ کے ایس ای 30 انڈیکس 208.04 پوائنٹس اضافے سے 15915.17 پوائنٹس پر بند ہوا۔