کراچی اسٹاک ایکسچینج میں مندی‘100انڈیکس 21پوائنٹس کمی کے بعد13199پر بند

منگل 25 ستمبر 2007 15:37

کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین25ستمبر2007) اسٹاک ایکس چینج میں محدود پیمانے پر مندی رہی اور انڈیکس تیرہ ہزار دوسوکی حد کو برقرار نہیں رکھ سکا۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 21 پوائنٹس کمی کے ساتھ 13199پوائنٹس ہوگیا۔ منگل کے روز مارکیٹ کا آغاز مثبت ہوا مگر سیمنٹ سیکٹر میں فروخت کے دباؤ نے مارکیٹ کے مثبت رحجان کو منفی میں تبدیل کردیا ایک موقع پر انڈیکس13178 پوائنٹس کی سطح پر بھی دیکھا گیا۔

کاروباری حجم 13 کروڑ شےئرز رہا جو گذشتہ روز کے مقابلے میں 9 کروڑ شےئرزکم ہے۔

(جاری ہے)

سب سے زیادہ کام فوجی فرٹٰیلائزر بن قاسم کے شےئرز میں ہواجس کے شےئرز کی قیمت35 پیسے بڑھ کے44 روپے 10پیسے ہوگئی۔ ڈی جی خان سیمنٹ کے شےئرز کی قیمت میں 60 پیسے کی کمی اور عارف حبیب سیکورٹیز کے شےئرز کی قیمت میں 1 روپے 80 پیسے کا اضافہ ہواجس کے بعد ان کے شےئرز کی قیمت بالترتیب 107روپے 85 پیسے اور 137 روپے 30پیسے ہوگئی۔کے ایس ای 30 انڈیکس11 پوائنٹس کمی کے بعد 15905پوائنٹس ہوگیا۔ ماہرین کا خیال ہے کہ صدر کی کے دوعہدوں کے خلاف آئینی درخواست پر متوقع فیصلے کے باعث سرمایہ کار دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے مارکیٹ میں نئی سرمایہ کاری سے گریز کررہے ہیں۔