کراچی‘ مختلف حادثات میں 8 افراد ہلاک

بدھ 26 ستمبر 2007 11:48

کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین26ستمبر2007) کراچی کے علاقے ڈیفنس میں زیر تعمیر عمارت کی چھت گر نے سے تین مزدور ہلاک جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے ۔ پولیس کے مطابق بدھ کی صبح پی آئی بی کالونی کی حدود یونیورسٹی روڈ پر عسکری پارک کے قریب ایک منی بس کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار اسماعیل تارا ہلاک ہوگیا متوفی عیسیٰ نگری کا رہائشی تھا جو گھر سے کسی کام سے نکلا تھا کہ حادثے کا شکار ہوگیا۔

اس کی لاش جناح ہسپتال لائی گئی۔ علاوہ ازیں یونیورسٹی روڈ پر ہی جوہر کمپلیکس کے قریب ناریل باغ کے سامنے کسی تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص ہلاک ہوگیا عینی شاہدین کے مطابق متوفی یونیورسٹی روڈ عبور کرنے کی کوشش میں حادثے کا شکار ہوا،جس کی لاش سچل پولیس نے ہسپتال پہنچائی۔

(جاری ہے)

ایک او ر واقعہ میں نیشنل ہائی وے پر گھگر پھاٹک کے قریب سے نامعلوم شخص کی لاش ملی ہے جسے کسی تیز رفتار گاڑی نے ٹکر مار کر ہلاک کردیا بعدازاں متعدد گاڑیاں لاش کے اوپر سے گزرتی رہیں۔

سپرہائی وے پر ستارہ پیٹرول پمپ کے قریب دو گاڑیوں میں تصادم کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔ادھر ڈیفنس فیز 8 میں خیابان شاہین پر زیر تعمیر عمارت کی چھت گرنے سے 3 مزدور مختار ، ہدایت الله اور بولیا خان ہلاک اور ایک مزدور زخمی ہوگیا۔

متعلقہ عنوان :