اسلام آباد میں وکلاء اور سیاسی جماعتوں کے کارکنوں‌کی پولیس کی شدید جھڑپیں، متعدد افراد زخمی ہوگئے، کئی سیاسی کارکن اور وکلاء رہنماؤں سمیت گرفتار۔ وکلاء رہنماء علی احمد کرد کو شدید تشدد کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا

ہفتہ 29 ستمبر 2007 10:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29ستمبر۔2007ء ) صدارتی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے موقع پر سیاسی کارکنوں اور وکلاء کی پولیس کیساتھ شدید جھڑپیں‌ہوئیں جس کے دوراں‌مختلف جماعتوں کے ارکان قومی اسمبلی اور کارکنوں‌کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ وکلاء‌اور صحافیوں‌کو بھی شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا ۔اہلکاروں نے وکلاء کے رہنماء علی احمد کرد کو تشدد کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

پولیس نے پارلیمنٹ لاجز کے قریب مسلم لیگ نواز کے کے رکن قومی اسمبلی رانا محمود الحسن اور جماعت اسلامی کے رکن حنیف عباسی اور متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ جبکہ الیکشن کمیشن کے قریب پیپلزپارٹی کے کئی خواتین کارکنوں‌سمیت متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

جبکہ اس دوران وکلاء بھی سپریم کورٹ سے الیکشن کمیشن کے قریب پہنچ گئے جس پر پولیس کی طرف سے وکلاء پر شدید تشدد کیا گیا۔

جس سے متعدد وکلاء بھی زخمی ہوگئے۔ وکلاء کے رہنماء علی احمد کرد کو بھی شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور اہلکاروں‌نے انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ اس دوران چوہدری اعتزاز احسن کو بھی گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی۔پولیس کی طرف سے مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی اور پتھراؤ کیا گیا۔