سپریم کورٹ کے باہر پولیس اور وکلاء میں تصادم ‘ علی احمد کرد سمیت متعدد وکلاء زخمی

ہفتہ 29 ستمبر 2007 11:37

اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین29ستمبر2007) سپریم کورٹ کے باہر پولیس کا وکلاء اور میڈیا کے نمائندوں پر تشدد ‘ آنسو گیس اور لاٹھیاں برسائی گئیں ‘ علی احمد کرد پر وحشیانہ تشدد کیا گیا ‘ سفید کپڑوں میں ملبوس افراد نے انہیں اٹھا کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز الیکشن کمیشن میں صدارتی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے موقع پر سپریم کورٹ کے باہر وکلاء اور پولیس کے درمیان تصادم ‘ پولیس نے وکلاء او رمیڈیا کے نمائندوں پر لاٹھی چارج کیا او رآنسو گیس استعمال کی۔

اس موقع پر وکلاء کے نمائندوں علی احمد کرد پرپولیس نے وحشیانہ تشدد کیا جس کے بعد سفید کپڑوں میں ملبوس افراد انہیں نامعلوم مقام پر لے گئے۔ تصادم میں کئی وکلاء شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس نے بے تحاشہ آنسو گیس کی شیلنگ کی بعض شیل سپریم کورٹ کی عمارت کے اندر جا گرے۔