پولیس نے اپنی ذمہ داری ادا کی، صحافی ایسے موقعوں پر ا یسی کارروائیوں میں حصہ نہ لیا کریں، وزیراعظم شوکت عزیز، وزیر مملکت طارق عظیم پر حملہ کر نے والے ویڈیو میں آ چکے ہیں، ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی، سرکاری ٹی وی سے بات چیت

ہفتہ 29 ستمبر 2007 22:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29ستمبر۔2007ء) وزیر اعظم شوکت عزیز نے الیکشن کمیشن کے باہر ہونے والے تشدد پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میں تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے ۔ سر کاری ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے باہر ہو نے والا واقعہ بڑا افسوس ناک ہے ہفتہ کو الیکشن کمیشن میں ایک بہت اہم سلسلہ چل رہا تھا اور چند لوگ یہ کوشش کررہے تھے کہ اس معاملے میں خلل ڈالا جائے انہوں نے کہاکہ اس قسم کی سیاست کی ہم اجازت نہیں دینگے اور کوئی بھی حکومت اس بات کی اجازت نہیں دے گی کہ قانون کو ہاتھ میں لیا جائے اور لوگوں کے لئے تکالیف پیدا کی جائیں انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن میں بہت اچھے طریقے سے کارروائی ہورہی تھی مگر اطلاع آئی کہ کچھ وکلاء دفتر کے اندر آنے کی کوشش کررہے ہیں جس پر پولیس نے کارروائی کی اور یہ پولیس کی ذمہ داری تھی انہوں نے کہاکہ اس واقعہ کی تحقیقات ہو گی اور جو لوگ اس کے پیچھے تھے ان کے خلاف ایکشن لیا جائیگا انہوں نے کہاکہ صحافی حضرات کو چاہیے کہ ایسے حالات میں اپنی ذمہ داری سنبھالتے ہوئے اپنا کام سر انجام دیا کریں اور ایسی کارروائیوں میں حصہ نہ لیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وزیر مملکت طارق عظیم پر حملہ بڑی افسوس ناک بات ہے وہ زخمی افراد کی مدد کر نے کے لئے گئے اور لوگوں نے ان پر حملہ کر کے ز خمی کر دیا انہوں نے کہاکہ وزیر مملکت پر حملہ کر نے والے ویڈیو میں آ چکے ہیں اور ان کی شناخت بھی کر لی گئی ہے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔