صحافیوں پر تشدد، یورپ بھر میں احتجاجی تحریک کا اعلان کردیا گیا،پاکستانی صحافیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یورپی یونین کے تمام ممالک میں بھرپوراحتجاج کیا جائے گا،نہتے صحافیوں پرپولیس تشددحکومت کا سیاہ کارنامہ ہے، پاکستان جرنلسٹ ان یورپ ایکشن کمیٹی

پیر 1 اکتوبر 2007 22:12

صحافیوں پر تشدد، یورپ بھر میں احتجاجی تحریک کا اعلان کردیا گیا،پاکستانی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اکتوبر۔2007ء) پاکستان جرنلسٹ ان یورپ ایکشن کمیٹی پاکستان میں صحافیوں پر ہونے والے تشدد کے خلاف یورپ بھر میں احتجاج کرے گی ،یورپی یونین کے تمام ممالک اور یورپی کمیشن میں احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا ، انسانی حقوق کی تنظیموں سے مل کر اقوام متحدہ کو یادداشت پیش کی جائے گی اور پاکستان میں آزادی اظہار کیلئے بھر پور مہم چلائی جائے گی ،ان خیالات کااظہار پاکستان جرنلسٹ ان یورپ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین چوہدری اعجاز پیارا نے کیا ، انہوں نے کہا پاکستان میں صحافیوں پر تشدد انسانی حقوق اورآزادی اظہار رائے کی کھلی خلاف ورزی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، انہوں نے پاکستان میں صحافیوں پر پولیس تشدد کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں آزادی صحافت کا نعرہ لگانے والی حکومت کاپول کھل چکا ہے اورپولیس کا صحافیوں پر تشدد موجودہ حکومت کا سیاہ کارنامہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہم پاکستان میں مقیم صحافیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور یورپی یونین کے تمام ممالک اور یورپی کمیشن میں احتجاج ریکارڈ کرائیں گے اوریورپ کی انسانی حقوق کی تمام تنظیموں سے رابطہ کریں گے، انہیں پاکستان میں صحافیوں کے ساتھ ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کریں گے اورصحافیوں پر تشدد کے واقعات کویورپی میڈیا کے سامنے لائیں گے۔ انہوں نے کہا پاکستانی صحافیوں کو اس مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑیں گے ہم ان کے ساتھ ہیں ،ہم ان کے حقوق کیلئے یورپ اور پاکستان میں آزادی اظہار رائے کیلئے بھر پور مہم چلائیں گے اور یورپ اورسکینڈے نیویا کے تمام ممالک میں بھر پور احتجاج کیا جائے گا۔