جعفرآباد ، سیکیورٹی فورسز کی شرپسندوں کیخلاف کارروائی ، فائرنگ کے تبادلے میں دو خواتین سمیت 4شرپسند ہلاک،2افراد زخمی،12شرپسند گرفتار ،بھاری تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد

بدھ 3 اکتوبر 2007 21:36

ڈیرہ مراد جمالی/سبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3اکتوبر۔ 2007ء) بلوچستان کے ضلع جعفرآباد میں سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ کے تبادلے میں دو خواتین سمیت چار شرپسندوں کو ہلاک کردیاجبکہ فائرنگ سے دو افراد شدید زخمی ہوگئے ،سیکیورٹی فورسز نے بھاری تعداد میں اسلحہ گول و بارودبرآمد کرکے12شرپسندوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح سیکورٹی فورسز اور نصیرآباد پولیس کے ہمراہ جعفرآباد کے پولیس تھانہ کی حدود موضوع ھالانی نزد گوٹھ نصیرآباد میں ایک مکان میں شرپسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر وہاں کارروائی کے لئے پہنچے ۔

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انہیں ہتھیار ڈالنے کیلئے کہا گیا تاہم انہوں نے انکار کرتے ہوئے اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی اور گولے برسائے۔

(جاری ہے)

دو گھنٹے فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں نبی بخش ولد خالق دار اور شکل خان بگٹی عرف خدائید ولد خالقو ،جنت بی بی اور ایک نامعلوم خاتون ہلاک ہوئی جبکہ تین افراد شدید زخمی ہوگئے جن کی حالت نازک بتائی جاتی ہے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا ہے تاہم اس دوران سیکیورٹی فورسز کا کوئی نقصان نہیں ہوا ۔

کارروائی کے دوران سیکورٹی فورسز نے بارہ شرپسندوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے موبائل سیٹ کے علاوہ بھاری تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا جس میں دو راکٹ لانچر، ایک مارٹر لانچر، ایک کلاشنکوف ،150راؤنڈز، ایک رائفل ڈبل بیرل اور19راؤنڈز وغیرہ شامل ہیں ۔ملزمان کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے اور اس سلسلے میں اہم انکشافات اور گرفتاریاں متوقع ہیں۔ذرائع کے مطابق ملزمان فراری تھے اور یہ ڈکیتی، راہزنی اور تخریب کاری کے واقعات میں پولیس کو مطلوب تھے۔