اے پی ڈی ایم کی جانب سے صدارتی انتخاب کے خلاف مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے ، کراچی میں اے پی ڈی ایم کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان جھڑپیں۔ (اپ ڈیٹ 3)

ہفتہ 6 اکتوبر 2007 17:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6اکتوبر۔2007ء) آل پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب سے صدارتی انتخاب کے خلاف ہڑتال کی اپیل پر ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔صدارتی الیکشن کے خلاف آل پارٹیز ڈیموکریٹک موومنٹ کی شٹر ڈاؤن کال پرراولپنڈی اسلام آباد گرد و نواح کے علاقوں میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ۔

تاہم تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز سمیت گرد و نواح میں بھی شٹر ڈاؤن نہ ہوسکا ۔کاروباری مراکز مکمل طور پر کھلے رہے اور ان میں خرید و فروخت کاسلسلہ بھی جاری رہا اس موقع پر اے پی ڈی ایم کے کارکنوں نے فوارہ چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔چکوال میں بھی صدر اتی انتخابات کے موقع پر احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔

(جاری ہے)

لاہور میں بھی آل پارٹیز ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب سے ہڑتال جزوی رہی۔جبکہ دوپہر کے بعد بازار اور مارکیٹیں مکمل طور پر کھل گئی۔ مال روڑ پراپوزیشن جماعتوں کے احتجاج کے پیش نظر چار ہزار سے زائد پولیس نفری تعینات کی گئی تھی لیکن کہیں بھی کوئی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی ۔ادھر ملتان میں اے پی ڈی ایم کی اپیل پر جزوی ہڑتال رہی ۔پاکستان مسلم لیگ نواز خواتین ونگ کے زیر اہتمام چونگی نمبر آٹھ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جبکہ تاجر اور سول سو سائیٹی کی تنظیموں کے زہر اہتمام چوک حسین آگاہی پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

اے پی ڈی ایم میں شامل سیاسی جماعتوں نے چوک کچہری پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔سرگودھا میںاےپی ڈی ایم کی طرف سے کال پر مکمل شٹر ڈوان ہڑتال ر ہی تاجروں نے دوکانیں بند رکھیں اور بازاروں میں خریدوفروخت بند رہی۔سیالکوٹ میں بھی اے پی ڈی ایم کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ادھر کراچی سمیت سندھ بھر میں بھی اے پی ڈی ایم کی ہڑتال کے موقعے پر احتجاجی مظاہرے کئیے گئے ۔

کراچی کے علاقے ناظم آباد میں اے پی ڈی ایم کے کارکنوں نے احتجاجی جلوس نکالا ۔ اس دوران پولیس اور اے پی ڈی ایم کے کارکنوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں جس کے نتیجے میں اے این پی کے ضلعی صدر سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔ جھڑپوں کے دوران پولیس نے ہوائی فائرنگ اور مظاہریں پر شیلنگ بھی کی ۔پشاور سمیت صوبہ سرحد میٕں بھی اے پی ڈی ایم کی اپیل پر احتجاجی مظاہرے کئیے گئے۔

اور صدارتی انتخابات کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ پشاور میں اے پی ڈی ایم کا مرکزی احتجاجی کیمپ چوک یادگار میں لگایا گیا تھاجس سے وقفہ وقفہ سے ریلیاں نکلتی رہیں ۔اے پی ڈی ایم کی کال پر شہر کے بڑے تجارتی مراکز قصہ خوانی بازار ،خیبربازار، اشرف روڈ اور دیگر اہم بازارمکمل طور پر بند رہے۔کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں بھی اے پی ڈی ایم کی ہڑتال کے موقعے پر مظاہرے کئیے گئے ۔ اسکے علاوہ چمن ، لورالائی ، خضدار اور دیگر شہروں میں مکمل ہڑتال کی گئی تاہم چند شہروں میں‌کاروباری سرگرمیاں جاری رہیں‌۔

متعلقہ عنوان :