صدارتی انتخابات بندوق اور چمک کا کھیل اور الیکشن کے نام پر سیاہ دھبہ ہیں،بیگم کلثوم نواز

پیر 8 اکتوبر 2007 17:05

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8اکتوبر۔2007ء ) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی مرکزی رہنما بیگم کلثوم نواز نے کہا ہے کہ مشرف کا نام نہاد صدارتی الیکشن بندوق کے زور ،ایجنسیوں کی ریشہ دوانیوں اور چمک کا کھیل ہے، اس لئے اسے الیکشن کہنا آئین اور الیکشن کی توہین ہے۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز یہاں اپنی قیام گاہ پر مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کی صدر بیگم نوادرخان کی قیادت میں خواتین کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سپریم کورٹ نے جنرل پرویز مشرف کے وردی میں الیکشن لڑنے کو آئین کے مطابق قرار نہیں دیا اس لئے امید نہیں کرنی چاہیے کہ سپریم کورٹ 17ستمبر سے شروع ہونے والی سماعت میں اس مسئلے پر آئین کے مطابق فیصلہ دے گی۔ اس سے سپریم کورٹ کے وقار میں اضافہ ہو گا اور اس پر نہ صرف عوام کا اعتماد بڑھے گا بلکہ پاکستان میں آئندہ کسی کو آئین پامال کرنے اور عوامی حقوق غصب کرنے کی جرات نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

ایک اورسوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگرجنرل پرویز مشرف ضمیر کی آواز پر لبیک کہنے کی ہمت کریں توانہیں معلوم ہوگاکہ اپنے 8سالہ غاصبانہ اقتدار میں انہوں نے گڈگورننس کے نام پر پاکستان کو ناکامی اور رسوائی کے سواکچھ نہیں دیا۔ انہوں نے قومی مفادات پر سودے بازی کی اور عوام کو بدامنی ،مہنگائی،کرپشن،سمگلنگ اور لوٹ مار کے تحفے دیئے۔

ایک اور سوال کے جواب میں بیگم کلثوم نواز نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف نے گزشتہ دنوں خود تسلیم کیا کہ 1999کے مقابلے میں ان کے دور میں وفاق کمزور ہوا ہے۔جب انہوں نے یہ حقیقت تسلیم کی ہے تو انہیں یہ بھی تسلیم کر لینا چاہیے کہ وہ پاکستان کیلئے سیکورٹی رسک ہیں۔ انہوں نے حکمران ٹولے کی طرف سے نام نہاد قومی مصالحت آرڈ یننس جاری کرنے اوراسے سیاسی چال کہنے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ان لوگوں کا کوئی دین ایمان نہیں ، یہ صرف دھوکے اور فراڈ کے ذریعے اپنا الو سیدھا کرنے میں یقین رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آنے والے عام انتخابات اگرآزادانہ اور منصفانہ ہوئے تو حکمران ٹولے کواپنی حیثیت کا پتہ چل جائے گا، لیکن وہ اپنے منطقی انجام سے بچنے کیلئے دھاندلی کریں گے،جس کے نتیجے میں ملک گیر تحریک چلے گی اورانشاء اللہ قوم کے مجرم منطقی انجام کو پہنچ کر رہیں گے۔