مریدکے ریلوے پھاٹک پر مسافر بس ٹرین سے ٹکرا گئی، 15 افراد ہلاک، 60 زخمی۔زخمیوں میں 20 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، انتظامیہ و پولیس کے حکام موقع پر پہنچ گئے، مرنے والوں کے جسم کے ٹکڑے ہو گئے

منگل 9 اکتوبر 2007 17:35

مریدکے (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین09اکتوبر2007) مریدکے میں مسافر بس ریلوے پھاٹک عبور کرتے ہوئے ٹرین سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق اور 60 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں جن میں سے 20 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے حادثہ میں ٹرین کا ڈرائیور بھی زخمی ہو گیا ، حادثے کے بعد ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، حادثہ اتنا شدید تھا کہ ٹرین کئی سو فٹ تک بس کو گھسیٹتی ہوئی لے گئی، جاں بحق ہونے والے افراد کے جسموں کے ٹکڑے ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق منگل کے روز ناروال سے لاہور آنے والی مسافر بس نمبر ایل ای ایس 9122 جب مریدکے پھاٹک کے قریب پہنچی تو تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور بس پر کنٹرول نہ کر سکا اور بس پھاٹک کا بند دروازہ توڑتی ہوئی ٹریک پر آ گئی۔ اس دوران راولپنڈی سے لاہور آنے والی راولپنڈی ایکسپریس بس سے ٹکرا گئی۔

(جاری ہے)

حادثہ اتنا شدید تھا کہ ٹرین بس کو کئی سو فٹ گھسیٹتی ہوئی ساتھ لے گئی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس حادثے میں 15 افراد جاں بحق اور 60 سے زائد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو مریدکے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں 20 کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ 12 افراد پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 3 افراد نے بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان دیدی۔ عینی شاہدین کے مطابق بس مسافروں سے کچھا کچھ بھری ہوئی تھی اور بس کی چھت پر بھی لوگ سوار تھے۔

عینی شاہدین کے مطابق ریلوے پھاٹک بند تھا لیکن بس پھاٹک کا گیٹ توڑ کر ٹریک پر آ گئی کہ اس دوران راولپنڈی ایکسپریس بھی آ گئی اور دونوں کے درمیان تصادم ہو گیا۔ مرنے والوں کے جسم کے ٹکڑے ریلوے ٹریک پر بکھرے پڑے تھے۔ حادثے کی اطلاعات ملتے ہی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے حکام موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ بس کے ٹکرانے سے ٹرین ایجن کے شیشے ٹوٹ گئے جس سے ٹرین کا ڈرائیور بھی زخمی ہو گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق بس کا ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ایک اور عینی شاہد کے مطابق حادثے کے وقت پھانک کے دونوں اطراف گاڑیاں کھڑی تھیں مذکورہ بس سائیڈ سے نکلی اور پھاٹک توڑتی ہوئی ٹریک پر چڑھ گئی۔ مرنے والوں میں بچے اور عورتیں بھی شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :