16کروڑ عوام کیلئے سچی عید اس وقت آئے گی جب انہیں مہنگائی،بے روزگاری،ناانصافی اور بدامنی سے نجات ملے گی،نواز شریف،عید کی خوشیوں میں اپنے غریب اور کم وسیلہ بھائیوں کو بھی یاد رکھئیے،عوام سے اپیل

جمعہ 12 اکتوبر 2007 15:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12اکتوبر ۔2007ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے عیدالفطر کے موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اس نے ہمیں ایک بار پھر رمضان المبارک کی رحمتوں اور برکتوں سے نوازا اور عید کا پرمسرت دن عطا فرمایا- اس موقع پر میں وطن عزیز کی ترقی،خوشحالی اور استحکام کی دعاؤں کے ساتھ ساتھ اس عزم کا اعادہ بھی کرنا چاہئے کہ ہم پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناح کی آرزو کے مطابق حقیقی معنوں میں ایک اسلامی جمہوری ملک بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے سولہ کروڑ عوام کیلئے سچی عید اس وقت آئے گی جب انہیں مہنگائی، بے روزگاری،غربت، ناانصافی اور بدامنی سے نجات ملے گی- جب ان کا حق حکمرانی انہیں واپس مل جائے گا کتنے افسوس کا مقام ہے کہ رمضان کے مقدس مہینے میں ستائیسیویں کی شب قبائلی علاقوں پر بمباری کی گئی جس سے نہ جانے کتنی خواتین کتنے بچے اور کتنے عام شہری جاں بحق ہو گئے ہزاروں لوگ اپنے گھر بار چھوڑ کر نقل مکانی پر مجبور ہو گئے کتنے ہی سکیورٹی اہلکار اس بے مقصد جنگ کی نذر ہو گئے آج عید کی خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں اپنے غمزہ قبائلی عوام کو نہیں بھولنا چاہئے ہمیں زلزلے کے ان متاثرین کو بھی یاد رکھنا چاہئے جو دو سال گزر جانے کے بعد ہی خیموں میں بے یارو مدد گار پڑے ہیں ان سارے مسائل کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ عوام جمہوریت سے محروم ہیں اور آمریت کی وفاداریاں عوام کے بجائے کسی اور کے ساتھ ہیں- میں آپ سے اپیل کرتا ہوں کہ عید کی خوشیو میں اپنے غریب اور کم وسیلہ بھائیوں کو بھی یاد رکھیے اور دعاء کیجئے کہ اللہ تعالی پاکستان کو ایک ایسی اسلامی جمہوری ریاست بنانے میں ہماری مدد فرمائے جس کا خواب شہدائے آزادی نے دیکھا تھا اور جس نے تصور علامہ اقبال اور قائداعظم محمد عی جناح نے پیش کیا تھا-