اسلامی بینکنگ پاکستان میں ابتدائی مراحل میں ہے‘ لوگوں کی اسلامی بینکنگ میں دلچسپی قابل قدر ہے،شمشاد اختر

پیر 22 اکتوبر 2007 20:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اکتوبر۔2007ء) گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا ہے کہ اسلامی بینکنگ پاکستان میں اپنے ابتدائی مراحل میں ہے اور لوگوں کی جانب سے اسلامی بینکنگ میں دلچسپی قابل قدر ہے پیر کے روز اسلامک کیپٹل کانفرس کے آرگنائرز کی جانب سے بھیجے گئے اعلامیہ کے مطابق مرکزی بینک کی گورنر نے کراچی میں 7 نومبر سے ہونے والی تیسری بین الاقوامی ورلڈ ایشیا اسلامک کیپیٹل کانفرنس کے افتتاحی تقریب کے موقع پر مرکزی بینک کی گورنر نے کہا کہ اس بین لاقوامی کانفرنس میں پوری دنیا سے اسلامی مالیاتی ادارے اور بینک شرکت کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کانفرنس کے انعقاد سے پرائیویٹ سیکٹر اسلامی بنکنگ کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے ۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ اسٹیٹ بنک ایک باقاعدہ پالیسی کے تحت اسلامی مالیاتی اداروں کی حوصلہ افزائی کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھا رہا ہے جس سے ایک مضبوط اسلامی بنکنگ انڈسٹری وجود میں آئے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایا کاروں کی اسلامی بنکنگ انڈسٹری میں سرمایہ کاری سے مقامی انڈسٹری میں بھی جدت پیدا ہوگی۔ورلڈ ایشیا ۔ اسلامک کیپیٹل پارٹنر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر طارق علی نے کہا کے اس کانفرنس کا مقصد مقامی اور بین الاقوامی اسلامی مالیاتی اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کرنا ہے تا کہ وہ ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر سکیں ۔

طارق علی نے کہا کہ اسلامی بنک اور تکافل کمپنیاں بین الاقوامی بنک اورتکافل کمپنیوں کی پالیسیوں سے سیکھتے ہوئے صارفین کیلئے بہتر سہولیات اور پروڈکٹس متعارف کرا سکتے ہیں۔واضح رہے کہ تیسری بین الاقوامی ورلڈ ایشیا اسلامک کیپیٹل کانفرنس 7 نومبر سے کراچی میں شروع ہورہی ہے ، اس بین لاقوامی کانفرنس میں پوری دنیا سے اسلامی مالیاتی ادارے اور بینک شرکت کر رہے ہیں ۔

کانفرنس کا مقصد پالیسی میکرز بینکرز کارپوریٹس، شریعہ اسکالرز اور بین لاقوامی اسلامی مالیاتی اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کرنا اور اسلامی بنکنگ کی موجودہ حیثیت اور مستقبل کے چیلینجز پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔ اس کانفرنس کا انعقاد ورلڈ ایشیا گروپ کر رہا ہے جو کہ اسلامک کیپیٹل پارٹنرز کی ایک ذیلی کمپنی ہے ۔ کانفرنس میں دبئی انٹرنیشنل فنانشل سینٹر، الجمایا گروپ سعودی عرب، قطر اسلامی بینک، السلام بینک بحرین، جیفریز انٹرنیشنل بینک، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، نیشنل کمیشن برائے گورئمنٹ ریفارمز، کراچی اسٹاک ایکسچینج اور میزان بینک لمیٹڈ ایمریٹس گلوبل اسلامک بینک ،بینک اسلا می پاکستان داود گروپ نیشنل بینک آف پاکستان حبیب بینک لمیٹڈ شرکت کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :