افغانستان‘ پکتیکا میں امریکی فوجی اڈے پر خود کش حملہ‘ 10ہلاک و زخمی۔اتحادی افواج کا ہلمند میں کارروائی کے دوران متعدد طالبان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ۔(اپ ڈیٹ)

ہفتہ 27 اکتوبر 2007 17:42

پکتیکا +ہلمند (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین27اکتوبر2007) افغانستان کے مشرقی صوبے پکتیکا میں امریکی فوجی اڈے پر خود کش حملے میں 4افغان فوجیوں سمیت 5افراد ہلاک اور 5زخمی ہو گئے جبکہ اتحادی افواج نے ہلمند میں ایک کارروائی کے دوران متعدد طالبان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہفتہ کو مشرقی صوبے پکتیکا میں دھماکہ خیز مواد کا بیلٹ پہنے ایک بمبار نے امریکی فوجی اڈے پر خود کش حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 4افغان فوجیوں سمیت 5 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ خود کش حملہ آور کے جسم کے چیتھڑے اڑ گئے۔

ادہر صوبائی گورنر کے ترجمان غمی خان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فوجی وردی میں ملبوس بمبار برمل میں امریکی فوجی اڈے کے مین گیٹ پر پہنچا اور اس نے وہاں خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں 4 افغان فوجی اور ایک شہری ہلاک جبکہ 5 زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیاہے جبکہ واقعے کے بعد امریکی اور اتحادی افواج نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور مزید حملوں کے خطرے کے پیش نظر علاقے میں سیکیورٹی انتہائی سخت کر دی ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ امریکی فوج کی خاتون ترجمان میجر کرسچن نیلسن چنگ نے بتایاکہ حملہ برمل میں ایک امریکی فوجی اڈے کے باہر کیا گیا تاہم اس میں کوئی امریکی فوجی ہلاک و زخمی نہیں ہوا جبکہ جنوبی صوبے ہلمند میں کارروائی کے دورن اتحادی افواج نے متعدد طالبان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ہفتے کے روز اتحادی فوج کے ترجمان نے ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہلمند میں طالبان اتحادی فورسز پر حملے کے جواب میں افغان اور اتحادی افواج نے کارروائی کر کے کئی طالبان کو ہلاک کر دیا تاہم انہوں نے مخصوص تعداد نہیں بتائی ۔

جبکہ افغان فوج کے ذرائع کا کہنا ہے کہ لڑائی میں کم از کم 20 طالبان ہلاک ہوئے ہیں ۔ جبکہ برطانوی وزیر اعظم ٹونی بلیئر نے کینیڈا سے کہا ہے کہ وہ افغانستان میں موجود رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دہشت گردی اور انتہاء پسندی سے نمٹنے کے لئے وقت لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم عراق سے نکل آتے ہیں تو پھر افغانستان میں ہمارے اوپر دباؤ بڑھ جائے گا۔