بعقوبہ میں پولیس سٹیشن پر خودکش حملہ، 25 افراد ہلاک، 20 زخمی،خادمیہ میں کار بم دھماکے میں 2 افراد ہلاک اور 13 سے زائد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے

پیر 29 اکتوبر 2007 12:18

بغداد/بعقوبہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اکتوبر۔2007ء) عراق کے شمال مشرقی صوبے بعقوبہ میں پولیس سٹیشن پر خودکش بم حملہ، 25 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ خادمیہ میں کار بم دھماکے میں دو افراد ہلاک اور تیرہ زخمی ہوگئے۔ ایک عرب ٹیلی ویژن کی رپورٹ کے مطابق پیر کے روز عراق کے شمال مشرقی صوبے بعقوبہ میں پولیس سٹیشن پر خودکش حملے میں 25 افراد جن میں زیادہ تر پولیس اہلکار شامل ہیں جاں بحق اور بیس سے زائد زخمی ہوگئے۔

بعقوبہ پولیس کے مطابق ایک موٹر سائیکل پر سوار خودکش حملہ آور نے اپنے آپ کو پولیس سٹیشن کے اندر اس وقت بم سے اڑا دیا جب پولیس اہلکار ڈیوٹی پر جانے کے لئے گاڑی میں سوار ہورہے تھے۔ بم دھماکے سے متعدد گاڑیاں اور پولیس سٹیشن کی عمارت کا ایک حصہ بھی تباہ ہوگیا۔

(جاری ہے)

بم دھماکہ اتنا شدید تھا کہ ہلاک ہونے والوں کے جسم کے ٹکڑے فضا میں بکھر گئے زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا جہاں بعض کی حالت نازک بتائی جاتی ہے پولیس سربراہ بریگیڈیئر جنرل قدیر التمیی نے ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ خودکش حملے میں پچیس افراد ہلاک اور بیس زخمی ہوگئے مرنے والوں میں دو خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

ادھر ضلع خادمیہ میں ایک کار بم دھماکے میں دو افراد ہلاک اور تیرہ زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں میں چھ پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔