غزہ، اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 3فلسطینی شہید، 20 زخمی ہوگئے۔اپ ڈیٹ

پیر 29 اکتوبر 2007 16:23

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اکتوبر۔2007ء) غزہ پر اسرائیلی سکیورٹی فورسز کا حملہ، 3فلسطینی شہید جبکہ 20زخمی ہوگئے ہیں۔ ایک عرب ٹیلی ویژن کی رپورٹ کے مطابق پیر کے روز اسرائیلی فورسز جنہیں جنگی طیاروں کی مدد بھی حاصل تھی غزہ کے علاقے بیت الحنون پر چڑھائی کردی۔ اس دوران اسرائیلی سکیورٹی فورسز اور حماس کے کارکنوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ۔

رپورٹ کے مطابق اس جھڑپ میں تین فلسطینی جن میں 28 سالہ محمد حماد اور 44سالہ فرید جاں بحق ہوگئے ۔

(جاری ہے)

جھڑپ کے دوران 20افراد زخمی ہوئے جن میں تین خواتین بھی شامل ہیں۔ جبکہ اسی علاقے میں ایک کارروائی کے دوران اسرائیلی فوج نے ایک تیس سالہ نوجوان کو شہید کردیا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق ہلاک ہونے والا شخص حماس کے عسکری ونگ سے تعلق رکھتا تھا اور اسرائیلی فوج پر حملوں کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔ ادھر اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف مغربی کنارے میں فلسطینیوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق 20زخمیوں کو لایا گیا ہے جن میں سے تین کی حالت نازک ہے۔