راولپنڈی کے انتہائی حساس علاقہ کچہری چوک کے قریب خود کش حملہ ،4 پولیس اہلکاروں سمیت6 افرا د جاں بحق ،20سے زائد زخمی

منگل 30 اکتوبر 2007 12:38

راولپنڈی(اردوپوا ئنٹ اخبار تازہ ترین30اکتوبر2007) راولپنڈی کے انتہائی حساس علاقہ کچہری چوک کے قریب خود کش حملے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق4 پولیس اہلکاروں سمیت6 افرا د جاں بحق اور20سے زائد زخمی ہوگئے ہیں جن میں سے بعض کی حالت نازک بتائی جاتی ہے جس کے باعث ہلاک شدگان کی تعداد میں اضافے کاخدشہ ہے اطلاعات کے مطابق منگل کی دوپہر 12 بجے کے قریب کچہری چوک سے ایوب پارک کی طرف جانے والی سڑک پرقائم پولیس چیک پوسٹ پرایک مشکوک شخص کوروکا گیا جس نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑادیا جس کے نتیجے میں 4پولیس اہلکار ایک راہگیر اورحملہ آورموقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ قریب سے گزرنے والی ایک مسافر ویگن بری طرح متاثر ہوئی اوراس میں سوار 16مسافروں سمیت 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے جنہیں سی ایم ایچ ،سول ہسپتال اور راولپنڈی جنرل ہسپتال پہنچادیا گیا ہے جہاں بعض زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے زخمیوں میں دو خواتین ،دو بچے اور کئی پولیس اہلکار بھی شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

وزارت داخلہ کے ترجمان بریگیڈئر جاوید اقبال چیمہ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہ ایک خود کش حملہ تھا جو ایک پیدل شخص نے کیا جس سے چیک پوسٹ پر موجود پولیس اہلکار اور قریب سے گزرنے والا ایک موٹر سائیکل اور ایک مسافر ویگن بری طرح متاثر ہوئے دھماکے کے فوراً بعد علاقے کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گھیرے میں لے لیا اور کسی کو وہاں جانے کی اجازت نہ دی گئی واضح رہے کہ یہ ایک انتہائی حساس علاقہ ہے جہاں فوجی افسران کا گالف کلب ،ایوب پارک اور بعض انتہائی اہم عہدیداروں کی رہائش گاہیں موجود ہیں اور یہاں سے صدارتی کیمپ آفس کو بھی راستہ جاتا ہے جس وقت یہ دھماکہ ہوا تو صدارتی کیمپ آفس میں انتہائی اہم اجلاس ہورہا تھا جس کی صدارت صد ر جنرل پرویزمشرف کررہے تھے اور اس میں تین صوبوں کے وزرائے اعلی اور چاروں صوبوں کے گورنرموجود تھے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کو یہ اطلاعات ملی تھیں کہ بعض خود کش حملہ آورراولپنڈی اسلام آباد میں پہنچ چکے ہیں جس پر سیکورٹی ہائی الرٹ تھی۔پولیس حکام کے مطابق اس چیک پوسٹ کی وجہ سے حملہ آورکسی دوسرے ٹارگٹ تک نہیں پہنچ سکا وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکہ میں چار سے چھ افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ملی ہیں دھماکے کی اصل وجہ جاننے میں ابھی کچھ وقت لگے گا کہ حملہ آورکا اصل نشانہ کیاتھا۔

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات محمد علی درانی نے اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی علاقوں میں جاری کارروائی کامقصد یہی ہے کہ شرپسندوں کو دیگر علاقوں تک پہنچنے سے روکاجائے اورمعصوم اور بے گناہ شہریوں کی جانیں ضائع نہ ہوں۔

متعلقہ عنوان :