اٹلی،فٹبال تماشائی پولیس فائرنگ سے ہلاک،مختلف شہروں میں ہنگامے،متعدد شہری زخمی،وزیراعظم نے تحقیقات کا حکم دیدیا

پیر 12 نومبر 2007 12:34

روم(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12نومبر۔2007ء) اٹلی میں پولیس کی فائرنگ سے فٹبال کے ایک شائق کی ہلاکت کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں ہنگامے ہوئے ہیں۔ان ہنگاموں میں پولیس اہلکاروں سمیت متعدد شہری زخمی ہوئے ہیں۔فٹبال شائق کی ہلاکت کا واقعہ ٹسکنی میں اس وقت پیش آیا جب پولیس نے دو کلبوں کے شائقین کو منتشر کرنے کی کوشش کی اور اس دوران گولی چلنے سے لیزیو کلب کا چھبیس سالہ حامی گیبریئل سینڈری ہلاک ہوگیا۔

اطالوی پولیس کا کہنا ہے کہ سینڈری ممکنہ طور پر تنبیہ کے لیے چلائی جانے والی گولی کا نشانہ بنے اور پولیس حکام نے اس واقعے کو’المناک غلطی، قرار دیا ہے۔ اطالوی وزیراعظم نے بھی اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔فٹبال کے دلدادہ گیبریئل کی ہلاکت کے بعد جہاں میلان میں اے سی میلان اور اٹلانٹا کے مابین ہونے والے میچ کے دوران پولیس اور تماشائیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں اور میچ آغاز کے دس منٹ بعد ہی اس وقت ختم کر دیا گیا جب تماشائیوں نے رکاوٹیں توڑ کر میدان میں داخل ہونے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

ادھر دارالحکومت روم میں مشتعل شائقین نے پولیس بیرکوں اور اطالوی اولمپک کمیٹی کے دفتر کو نشانہ بنایا ہے۔ مشتعل افراد نے اولمپک کمیٹی کے دفتر کے شیشے توڑ دیے اور وہاں کھڑی گاڑیوں کو نذرِ آتش کر دیا۔ان لوگوں نیدریائے ٹائبر پر موجود ایک پل کو بھی بند کر دیا اور پل پر موجود گاڑیوں میں سوار لوگوں کو وہاں سے چلے جانے کو کہا۔ان ہنگاموں کے بعد اے ایس روما اور کگلیاری کے درمیان ہونے والا میچ ان اطلاعات کی بنیاد پر ملتوی کر دیا گیا کہ پتھروں اور ڈنڈوں سے مسلح تماشائی سٹیڈیم کے باہر جمع ہو رہے ہیں۔

یاد رہے کہ اسی برس فروری میں سلسلی میں فٹبال شائقین سے جھڑپوں میں ایک پولیس اہلکار کی ہلاکت کے بعد اطالوی حکومت نے اپریل میں ہی ہنگامہ آرائی کرنے والے فٹبال شائقین سے نمٹنے کے حوالے سے قانون بنایا تھا۔