کراچی میں پیپلز پارٹی کے احتجاج کے دوران میاں رضا ربانی، رکن قومی اسمبلی نواب یوسف تالپور سمیت ڈھائی سو سے زائد کارکن گرفتار

جمعرات 15 نومبر 2007 20:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15نومبر۔2007ء) پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن بے نظیر بھٹو کی نظر بندی کیخلاف سندھ میں یوم احتجاج کے تیسرے روز پولیس نے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف میاں رضا ربانی، رکن قومی اسمبلی نواب یوسف تالپور،اراکین اسمبلی شرف النساء لغاری،شمع مٹھانی،رفیق انجینئر سمیت ڈھائی سو سے زائد کارکنوں کو گرفتار کرلیا ہے ۔ جبکہ کراچی پریس کلب کے باہر پیپلز پارٹی مینارٹی ونگ کے دس جبکہ ہائی کورٹ کے باہر چالیس سے زائد کارکن گرفتار کیے گئے ۔

(جاری ہے)

کراچی کے علاقے لیاری، گڈاپ، کھارادر، بن قاسم، میٹھادر، لی مارکیٹ، سمیت مختلف علاقوں میں مشتعل افراد نے دکانیں بند کرائیں اور سڑکوں پر ٹائر جلائے ، اس دوران پولیس نے آنسو گیس کا استعمال بھی کیا ۔گئے ۔لیاری میں احتجاج کے دوران ہنگامہ آرائی، نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو بچوں سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے ۔ ادھر حیدرآباد، لاڑکانہ، نوڈیرو، قمبر، ٹھٹھہ، گھارو، دادو، خیرپور، ناتھن شاہ، میہڑ، گھوٹکی، خیرپور اور میر پور خاص سے بھی بڑی تعداد میں کارکنوں گرفتار کیاگیا۔