جنرل حمید گل بیٹے سمیت رہا کردیئے گئے ، رہائش گاہ سے پولیس ہٹا لی گئی۔تفصیلی خبر

جمعرات 15 نومبر 2007 20:36

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15نومبر۔2007ء) انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ حمید گل اوران کے صاحبزادے عبداللہ گل کی نظر بندی ختم ہونے کے بعد انہیں رہا کردیا گیا ہے اور ان کی رہائش گاہ جسے سب جیل قراردیا گیا تھا کے اردگرد سے پولیس فورس ہٹا لی گئی ہے ، تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ حمید گل سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو پھولوں کا گلدستہ پیش کرنے کیلئے گئے تو انہیں سنٹرل جیل اڈیالہ میں نظر بند کردیا گیا تھا ، جمعرات کو ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ حمید گل اور ان کے صاحبزادے عبداللہ گل کی نظر بندی ختم ہونے کے احکامات جاری کردیئے ، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل طارق بابر نے نظر بندی کے خاتمے کے احکامات موصول ہوتے ہی جنرل حمید گل اور عبداللہ گل کو رہا کردیا اور ان کے گھر جسے گزشتہ روز سب جیل قراردیا گیا تھا سے پولیس فورس بھی واپس منگوالی گئی ہے ، اس حوالے سے جب لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ حمید گل کی صاحبزادی عظمی گل سے رابطہ کیا تو انہوں نے جنرل حمید گل اور عبداللہ گل کی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جنرل حمید گل کی رہائی عالمی میڈیا ، سابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل ریٹائرڈ مرزا اسلم بیگ ، ایکس سروس مین اوردیگر کے دباؤ کے تحت عمل میں آئی ہے ، انہوں نے کہا کہ جنرل حمید گل نے عسکری قیادت سے رحم کی اپیل نہیں کی اور نہ ہی آئندہ کبھی رحم کی اپیل کرینگے ۔

متعلقہ عنوان :