الیکشن کمیشن کی جانب سے کوڈ آف کنڈیکٹ کا اجراء غیر متعلق اور وقت کے تقاضوں کے مطابق نہیں ہے، میاں رضا ربانی

پیر 19 نومبر 2007 19:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19نومبر۔2007 ء) سینیٹ میں قائد حزب اختلاف میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے کوڈ آف کنڈیکٹ کا اجراء غیر متعلق اور وقت کے تقاضوں کے مطابق نہیں ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک پر پی سی او کے تحت حکمرانی کی جارہی ہے جبکہ پورے ملک میں ہزاروں سیاسی کارکن، وکلاء، صحافی اور سول سوسائٹی کے ارکان جیلوں میں بند ہیں۔

میڈیا پر سنسر شپ عائد ہے اور دو ٹی وی چینل جیو اور اے آر وائی پر پابندی عائد ہے اور حکومت نے دبئی سے بھی ان کی نشریات پر پابندی عائد کردی ہے۔ ان حالات میں الیکشن کمیشن کی جانب سے اس نوعیت کا اقدام کوئی معنی نہیں رکھتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام پر پی سی او کے ذریعہ کا سلسلہ جاری رہتا ہے تو شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ایک ایسی فضاء قائم کرنے میں ناکام ہوچکا ہے تو ان فضاء میں انتخابات اور وہ بھی غیر جانبدارانہ کس طرح ممکن ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوڈ آف ایتھکز سے متعلق آج کی میٹنگ میں بڑی سیاسی جماعتوں کی عدم شرکت سے یہ بات بالکل واضح ہوجاتی ہے۔ میاں رضا ربانی نے کہا کہ اگر ایمرجنسی نہ اٹھائی گئی۔ پی سی او واپس نہ لیا گیا۔ عدلیہ کو بحال نہ کیا گیا۔ الیکشن کمیشن کی تشکیل از سرنو نہ کی گئی اور اس سلسلے میں بڑی سیاسی جماعتوں سے مشورہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک قومی اتفاق رائے سے نگراں حکومت قائم ہوگی۔ انتخابات ڈھونگ کے سوا کچھ نہ ہوں گے۔ یہی نہیں بلکہ ان حالات میں سیاسی جماعتوں کے لئے انتخابات کے باییکاٹ کرنے کا اختیار باقی رہے گا۔