چودھری پرویز الٰہی نے صوبے کا ترقیاتی بجٹ 20ارب سے بڑھا کر ڈیڑھ کھرب کر کے تعمیر وترقی کی ایک نئی تاریخ رقم کر دی ‘سٹی ڈسٹرکٹ ناظم ملتان

منگل 20 نومبر 2007 16:04

ملتان( اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار20 نومبر2007) سٹی ڈسٹرکٹ ناظم میاں فیصل مختار نے کہا ہے کہ چودھری پرویز الٰہی نے صوبے کا ترقیاتی بجٹ 20ارب سے بڑھا کر ڈیڑھ کھرب کر کے تعمیر وترقی کی ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز حلقہ این اے 150 کی یونین کونسل 34 میں پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے ارائیں برادری کے سربراہ چودھری زاہد کی پاکستان مسلم لیگ(ق) میں شمولیت کے موقع پر فیضی روڈ ٹمبر مارکیٹ میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ٹاؤن ناظم میاں جمیل احمد  نائب صدر انجمن تاجران لکڑی منڈی شیخ فیصل عزیز  نائب ٹاؤن ناظم حاجی مشتاق احمد انصاری  ناظمین ساجد سہیل  مشتاق قریشی  نائب ناظمین ملک آفتاب اعوان  شیخ سجاد کے علاوہ چودھری محمد شفیق  چودھری اصغر  رانا ظہور احمد اور خواجہ جمیل بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

سٹی ڈسٹرکٹ ناظم نے کہا کہ دیہی حلقوں میں عوام کو ترقی سے محروم رکھنے والے سیاسی وڈیروں نے اپنی دم توڑتی سیاست دیکھ کر اب شہروں کا رخ کرلیا ہے اور اب وہ نظریات اور شخصیات کے نام پر عوام کو بے وقوف بنانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام باشعور ہیں۔ انہوں نے شخصیات کی پوجا نہیں کرنی بلکہ انہیں اپنے مسائل کے حل سے غرض ہے۔ ضلع ناظم نے کہا کہ حلقہ 150 سے منتخب ہونے والے اپوزیشن کے ایم این اے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران پانچ کروڑ سے زائد کی ایم این اے گرانٹ حاصل کی لیکن وہ اپنی یونین کونسل کو بھی سوئی گیس فراہم نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ ان آبادیوں کو سوئی گیس کی فراہمی کا اعزاز بھی پاکستان مسلم لیگ نے حاصل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جدہ اور دبئی میں سیاست کرنے والے عوام کے مسائل سے بے خبر ہیں۔ یہ لانگ مارچ اور ڈانگ مارچ کے ذریعے اپنی ذاتی انا اور ضد کے لیے ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔ ضلع ناظم نے کہا کہ پرانا شجاع آباد روڈ پر 8 کروڑ روپے کی لاگت سے زیر تعمیر گرلزہائی سیکنڈری سکول کی تعمیر اس علاقے کی بچیوں کو حصول تعلیم کے لیے دور دراز کے علاقے میں نہیں جانا پڑے گا۔

انہوں نے فیضی روڈ سے ریلوے پھاٹک تک ڈبل روڈ تعمیر کرنے کا اعلان کیا۔ سٹی ڈسٹرکٹ ناظم میاں فیصل مختار نے کہا ہے کہ ہیپاٹائٹس کے ٹیسٹ کے لیے ملتان اور شجاع آباد میں پی سی آر لیبارٹریاں قائم کی جا رہی ہیں جس کے لیے 80لاکھ روپے کی لاگت سے جدید آلات خرید لیے گئے ہیں۔ فیصل مختار نے کہا کہ ہیپاٹائٹس سی میں مبتلا سرکاری سکولوں کے طلبہ و طالبات کے مفت علاج کے لیے ایک کروڑ روپے جاری کر دیئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملتان صوبہ پنجاب کا واحد ضلع ہے جہاں ضلعی حکومت کے زیر اہتمام فری آئی کیمپ لگانے کی روایت قائم کی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال جلالپور پیروالہ میں فری آئی کیمپ کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ٹاؤن ناظم دیوان مظفر حسین بخاری  نائب ٹاؤن ناظم ظفر لانگ  ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر جاوید حسن عجمی  میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد جلال ملک  آئی سپیشلسٹ ڈاکٹر محمد فیاض اور جلالپور سے تعلق رکھنے والے ناظمین اور نائب ناظمین بھی اس موقع پر موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کے حکام کو اس سال کے اختتام تک ایک لاکھ 20 ہزار بچوں کے ٹیسٹ مکمل کرنے کا ٹارگٹ دیا ہے اور جو بچے ہیپاٹائٹس سی کا شکار ہوں گے ان کا علاج مفت کیا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جلالپورپیروالہ ہسپتال میں نرسوں کی خالی 12اسامیوں پر جلالپورپیروالہ کی رہائشی خواتین تعینات کی جائیں گی۔ مطلوبہ تعلیمی معیار پور پورا اترنے والی خواتین اپنی درخواستیں جمع کرائیں انہیں فوری طورپر تعیناتی کے آرڈر جاری کر دیئے جائیں گے۔

ای ڈی او ہیلتھ نے بتایا کہ صحت سب کے لیے پروگرام دو فیز پر مشتمل ہے۔ پہلے فیز میں فری آئی کیمپ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال جلالپورپیروالہ میں  رورل ہیلتھ سنٹر مٹوٹلی میں 26نومبرسے 29نومبر  رورل ہیلتھ سنٹر شیر شاہ میں 30نومبرسے 4دسمبر  رورل ہیلتھ سنٹرقادر پور راں میں 5دسمبرسے 8دسمبر  رورل ہیلتھ سنٹر دواں پور بوسن میں 10 دسمبر سے 13 دسمبر اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال شجاع آباد میں 14دسمبرسے 18 دسمبرتک جاری رہے گا۔