کندھ کوٹ‘ایس ایچ او سمیت 13یر غمال پولیس اہلکار رہا

اتوار 25 نومبر 2007 16:01

کندھ کوٹ(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار25 نومبر2007) سندھ کے علاقے کندھ کوٹ کے قریب انڈس ہائی وے پر ٹرک ڈرائیورز نے احتجاج ختم کر کے ایس ایچ او سمیت تیرہ پولیس اہلکاروں کو آزاد کر دیا ۔ کندھ کوٹ میں پولیس اور ٹرانسپورٹرز کے مابین جا ری کشیدگی چھ گھنٹے بعد آر پی او سکھرمحمد بچل سانگھڑی کی یقین دھا نی پر ختم ہو گئی ۔ٹرانسپورٹرز نے ایس ایچ او سمیت تیرہ پولیس اہلکاروں کو رہا کرکے ان سے چھینا گیا اسلحہ بھی واپس کر دیا ہے۔

پولیس کے مطابق ٹرک ڈرائیورز نے ایک ماہ قبل اغوا کیے گئے ٹرک ڈرائیور گل جان کی عدم بازیابی کے خلاف کندھ کوٹ کے قریب انڈس ہائی وے پر روڈ بلاک کردیا ۔ ٹی پی او پولیس ہیڈ کوارٹر کشمور اقبال نیازی نے موقع پر پہنچ کر احتجاج کرنے والوں کے ساتھ مذاکرات کئے تاہم ناکامی پر پولیس اور احتجاج کرنے والے ٹرک ڈرائیورز کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں۔

(جاری ہے)

پولیس نے ہوائی فائرنگ ، شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا ۔ جواب میں پولیس پر پتھراوٴ ا کیا گیا جس سے دو موبائلوں کو نقصان پہنچا ۔ مشتعل مظاہرین نے ایس ایچ ا اے سیکشن کندھ کوٹ سمیت تیرہ پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنا کر اسلحہ چھین لیا ۔ جھڑپ کے دوران سات پولیس اہلکاروں سمیت تیرہ افراد زخمی ہوگئے۔ اس دوران ڈی آئی جی لاڑکانہ عبدالمجید دستی ، آر پی او سکھر محمد بچل سانگھڑی موقع پر پہنچ گئے اور ٹرانسپورٹرز کے ساتھ مذاکرات کئے۔ ٹرانسپورٹرز نے مغوی ٹرک ڈرائیور کی جلد باز یابی کی یقین دہانی پر چھ گھنٹے بعد احتجاج ختم کردیا ۔

متعلقہ عنوان :