ائیر پورٹ کو جانیوالے تمام راستے سیل ‘ ائیر پورٹ جانیکی کوشش کرنیوالے کارکنوں پر پولیس کا لاٹھی چارج ‘ تین خواتین سمیت 18زخمی ۔ لاہور میں داخل ہونیوالے تمام راستوں کو سیل کر کے کسی گاڑی کو داخلے کی اجازت نہیں دی گئی ‘ مسلم لیگ(ن) کا الزام۔ہفتہ کی رات سے کریک ڈاؤن کر کے کئی کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا ‘ زعیم قادری کی ائیر پورٹ پر صحافیوں سے گفتگو

اتوار 25 نومبر 2007 16:10

ائیر پورٹ کو جانیوالے تمام راستے سیل ‘ ائیر پورٹ جانیکی کوشش کرنیوالے ..
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار25 نومبر2007) ر پولیس نے علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیر پورٹ کی طرف جانے والے تمام راستوں کو سیل کر کے مسلم لیگ (ن) کے کارکنو ں کی ائیر پورٹ پہنچنے کی کوشش ناکام بنا دی ‘ زبردستی ائیر پورٹ جانے کی کوشش کرنے والے کارکنوں پر لاٹھی چارج سے لاٹھی چارج‘ شعبہ خواتین کی مرکزی رہنما عشرت اشرف اور تین خواتین سمیت 18کارکن شدید زخمی ہو گئے ۔

انتظامیہ کی طرف سے مسلم لیگ (ن) کے صرف 75رہنماؤں کو ائیر پورٹ جانے کی اجازت دی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کی طرف سے صبح سے ہی ائیر پورٹ کو جانے والے راستوں کوبیر ئیر لگا کر بند کر دیا گیا اور مسلم لیگ (ن) کے 75رہنماؤں کے علاوہ کسی کارکن کو ائیر پورٹ کی طرف نہ جانے دیا گیا جس وجہ سے کئی مقامات پر پولیس اور کارکنوں کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی ۔

(جاری ہے)

برکی روڈ سے ائیر پورٹ کی طرف جانے والے راستے پر پولیس اور کارکنوں میں تلخ کلامی ہو گئی اور کارکنوں نے زبردست ائیر پورٹ کی طرف جانے کی کوشش کی جس پر پولیس نے لاٹھی چارج کر دیا جس سے مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کی مرکزی رہنما عشرف اشرف اور تین خواتین سمیت 18کارکن شدید زخمی ہو گئے ۔ اس موقع پر کارکنوں نے زبردست نعرے بازی بھی کی ۔پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے قائد میاں نواز شریف کے ترجمان سید زعیم حسین قادری نے الزام عائد کیا ہے کہ شریف برادران کے استقبال کو ناکام بنانے کیلئے انتظامیہ کی طرف سے ہفتہ کی رات کو شدید ترین کریک ڈاؤن کر کے مسلم لیگ (ن) کے کئی کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ لاہور میں داخل ہونیوالے تمام راستوں کوسیل کر کے باہر سے کسی گاڑی کو شہر میں داخل ہونیکی اجازت نہیں دی گئی ۔

لاہور ائیر پورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی طرف سے مسلم لیگ (ن) کے صرف 75رہنماؤں کو ائیر پورٹ پر نواز شریف کے استقبال کیلئے جانے کی اجازت دی گئی جبکہ دیگر کسی کو ائیر پورٹ نہیں آنے دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس سلسلہ میں انتظامیہ سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ ہمیں اوپر سے یہ حکم ملا ہے اس لئے ہم پابند ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ائیر پورٹ کو سیل کر دیا گیا ہے جبکہ شہر بھر میں کریک ڈاؤن کی وجہ سے شہری او رکارکن ائیر پورٹ پر نہیں پہنچ سکے ۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کے اس رویے کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔