نواز شریف کا کل معزول چیف جسٹس اور دیگر ججز سے ملاقات کر نے کااعلان۔پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ۔ انتظامیہ نے نواز شریف کو ملاقات سے روکنے کی حکمت عملی تیار کرلی

بدھ 5 دسمبر 2007 19:56

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 05 دسمبر2007 ) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے( کل)جمعرات کو ججزکالونی میں نظر بند معزول چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری اور پی سی او کے تحت حلف نہ اٹھانے والے دیگر ججز سے ملاقات کر نے کااعلان کیا ہے مسلم لیگ (ن) کے ترجمان کے مطابق میاں نواز شریف پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ دوپہر ایک بجے بلوچستان ہاؤس کے راستے سے ججز کالونی جائیں گے اور سپریم کورٹ کے معزول چیف جسٹس سمیت پی سی او کے تحت حلف نہ اٹھانے والے دیگر ججز سے ملاقات کریں گے اور ان سے ملک میں ایمر جنسی کے نفاذ اور عدلیہ کے خلا ف صدر مشرف کے غیر آئینی اور غیرقانونی اقدام پر بات چیت کریں گے اور عدلیہ کی بحالی کے لئے اپنی جدو جہد کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کریں گے واضح رہے کہ تین نومبر کو ایمر جنسی اور پی سی او کے نفاذ کے بعد ججز کالونی کی طرف جانے والے تمام راستوں کو بند کر دیا گیا ہے اور وہاں کسی کو بھی جانے کی اجازت نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل پیپلز پارٹی کی چیئر پرسن بے نظیر بھٹو اور سابق صدارتی امیدوار جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین احمد نے بھی معزول چیف جسٹس سے ملنے کی کوشش کی تھی تاہم انہیں اس کی اجازت نہیں دی گئی اور وہاں پولیس نے انہیں آگے جانے سے روک دیا تھا اور اس بات کا امکان ہے کہ پولیس حکام نواز شریف کو بھی معزول ججوں سے ملنے کی اجازت نہیں دینگے اور نواز شریف کی آمد کے موقع سخت حفاظتی اقدامات کئے جارہے ہیں اورپولیس کی اضافی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر عامر احمد خان نے وزارت داخلہ سے میاں نواز شریف کی ججز کالونی میں آمد سے متعلق اعلان سے پیدا ہونے والی صورتحال پر ہدایات لے لی ہیں ۔