بھارت‘نندی گرام سے پانچ مسخ شدہ لاشیں ملی ہیں‘تاحال شناخت نہیں ہو سکی‘پولیس

جمعرات 6 دسمبر 2007 11:32

کولکتہ (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 06 دسمبر2007 ) بھارت کی ریاست مغربی بنگال کی پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں نندی گرام سے پانچ مسخ شدہ لاشیں ملی ہیں۔پولیس کے مطابق ان پانچوں ہلاک شدگان کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے لیکن یہ ممکن ہے کہ ان کی تعلق علاقے میں ہونے والے حالیہ پرتشدد واقعات سے ہو۔ پولیس کے مطابق اس امکان کو بھی رد نہیں کیا جا سکتا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو اکتوبر میں بم بنانے کی کوشش کے دوران دھماکے سے ہلاک ہوئے ہوں۔

حکام کے مطابق یہ ادھ جلی، سڑی ہوئی لاشیں تفتیش کاروں نے گزشتہ روز کھجوری کے نزدیک بدیاپتھ گاوٴں میں واقع ایک فارم سے کھود کر نکالی ہیں۔ پولیس کے ضلعی سپرٹنڈنٹ ایس ایس پانڈا کا کہنا ہے کہ یہ تمام لاشیں مردوں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ’ پانچ لوگ28اکتوبر کو کھجوری میں بم بناتے ہوئے مارے گئے تھے یہ ان کی لاشیں ہو سکتی ہیں اور یہ بھی ممکن ہے کہ یہ لوگ چھ نومبر کو ہونے والی چھڑپوں میں مارے گئے ہوں‘۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے مزید معلومات پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے پر ہی پتہ چل سکیں گی۔ یاد رہے کہ نندی گرام میں ہونے والے پرتشدد واقعات میں اب تک چالیس سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں۔ یہ واقعات خصوصی اقتصادی خطے بنانے کے لیے مقامی کسانوں کی زمینیں حاصل کرنے کے حکومتی اعلانات کے بعد شروع ہوئے تھے۔ مغربی بنگال کے وزیر اعلی بدھا دیب بھٹاچارجی نے بھی حال ہی میں اعتراف کیا ہے کہ نندی گرام معاملہ ایک ’انتظامی اور سیاسی ناکامی تھی‘۔

وزیراعلیٰ نے یہ بات نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس میں کہی۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے اپنے اس بیان پر بھی افسوس کا اظہار کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ نندی گرام میں زمین کے قبضے کی مخالفت کرنے والوں کے ساتھ ہونے والا تشدد ان کے کیے کی سزا تھی۔

متعلقہ عنوان :