سوات میں مستقل امن قائم کرنے کیلئے پولیس اور فرنٹیئر کنسٹبلری کی نفری میں اضافہ کیا جائیگا ۔گورنر سرحد ۔۔۔سوات کے عوام کیلئے الیکشن میں حصہ لینے کے لئے سازگار ماحول جلد بحال اور آپریشن کے دوران جاں بحق یا زخمی ہونیوالے بے گناہ لوگوں کو معاوضے کی ادائیگی کی جائے گی ،مینگورہ میں عمائدین سے خطاب

جمعہ 7 دسمبر 2007 18:56

پشاور( اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 07 دسمبر2007 ) صوبہ سرحد کے گورنرلیفٹیننٹ جنرل(ر) علی محمدجان اورکزئی نے ضلع سوات میں امن وامان بحال کرنے کے سلسلے میں اپریشن کے دوران علاقے کے عوام کے تعاون کوسراہا ہے اور کہاکہ سولہ لاکھ کی آبادی کو محض دو فیصد شرپسندوں نے یرغمال بنالیا تھا جنہیں کنٹرول کرنے کیلئے فوجی کاروائی لازمی ہوگئی تھی جمعہ کے روزمینگورہ کے ایک روزہ دورے کے موقع پر ضلع سوات کے عمائدین کے ایک نمائندہ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ درحقیقت 9/11 کے واقعے کے بعد سرحد پاررونما ہونے والے واقعات کی وجہ سے وطن عزیزکے فاٹا اور سوات جیسے پرامن علاقوں میں بھی حالات خراب ہوئے تاہم گورنر نے کہاکہ حالات بہت جلد معمول پرآجائیں گے اور اس علاقے میں ترقی وخوشحالی کا دوردوبارہ بحال کیاجائیگا گورنرنے عمائدین علاقہ کو تاکید کی کہ وہ ان غیرمعمولی حالات میں اپنے متعلقہ علاقوں میں روایتی \" چغہ پارٹی\" یعنی حفاظتی کمیٹیاں تشکیل دیں اوریقین دلایا کہ حکومتی اداروں کی جانب سے بھی اس مقصد کیلئے مناسب تعاون فراہم کیاجائیگا گورنرنے الیکشن کے حوالے سے کہاکہ الیکشن مقررہ تاریخ پرہوں گے اورکوشش کی جائیگی کہ سوات کے عوام کیلئے الیکشن میں حصہ لینے کے لئے سازگار ماحول جلد بحال کیاجائے انہوں نے مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سوات میں اپریشن کے دوران جاں بحق یا زخمی ہونیوالے بے گناہ لوگوں کے بارے میں اعدادوشمار جلد ازجلد مرتب کئے جائیں تاکہ حکومت انکو معاوضے کی ادائیگی کرسکے گورنرنے کہاکہ سوات کیلئے ترقیاتی پیکج کو یقینی بنانے کیلئے بھی ضروری اقدامات کئے جائیں گے علاقے میں کرفیوکے حوالے سے انہوں نے کہاکہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ کوشش کی جائیگی کہ کرفیو کے اوقات میں عوام کی سہولت کیلئے کمی کی جائے گورنر نے ہلال احمر سمیت دیگرامدادی اداروں سے کہاکہ وہ سوات اورشانگلہ میں آپریشن کے دوران بے گھر ہونے والے افراد کو مینگورہ اوربشام میں ادویات سمیت دیگرامدادی سامان مہیاکریں گورنرنے کہاکہ سوات میں مستقل امن قائم کرنے کیلئے پولیس اور فرنٹیئر کنسٹبلری کی نفری میں اضافہ کیا جائیگا اور ان کو ہر ممکن سہولت دی جائیگی جرگے کے ممبران نے اس موقع پرگورنر کو علاقے میں امن وامان کے قیام کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں اور سیکورٹی فورسز اورحکومت پربھر پور اعتماد کا اظہارکیا اس موقع پر سابق وفاقی وزیر محمد افضل خان لالہ، سابق ارکا ن اسمبلی قاری عبدالباعث اور عدنان اورنگزیب، سابق صوبائی وزراء اسفندیارامیرزیب اور حسین احمدکانجو، ضلع ناظم لوئر دیر احمدحسن خان اور ضلع ناظم سوات ناصرجمال کے علاوہ صوبائی سیکرٹری ہوم بادشاہ گل وزیر، ڈی آئی جی سیداخترعلی شاہ، ڈی سی او سوات ارشدمجیدمومندبھی موجود تھے ۔