بینظیر بھٹو اور نواز شریف کئی سال بیرون ملک رہنے کی وجہ سے زمینی حقائق سے نابلد ہیں ۔ چوہدرشجاعت

ہفتہ 8 دسمبر 2007 20:40

لاہور (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 08 دسمبر2007 ) پاکستان مسلم لیگ کے صدر اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو اور نواز شریف کئی سال بیرون ملک رہنے کی وجہ سے زمینی حقائق سے نابلد ہیں اور الیکشن میں واضح شکست دیکھ کر بوکھلا چکے ہیں۔بی بی اور بابو ابھی تک غیر ملکی ہواؤں کے دوش پر ہیں وہ جب انتخابی میدان میں اتریں گے تو انہیں پاکستان مسلم لیگ کی عوامی مقبولیت کا اندازہ ہو جائیگا۔

وہ ہفتہ کو اپنی رہائش گاہ پر قومی اسمبلی کے مختلف حلقوں سے آئے ہوئے مسلم لیگی امیدواروں کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے اس موقع پر جن مسلم لیگی امیدواروں کو قومی اسمبلی کے ٹکٹ تقسیم کئے ان میں میاں محمد اظہر NA-118‘ خورشید محمود قصوریNA-140‘ سردارمحمد طفیلNA-138‘ حبیب اللہ وڑائچNA-129‘ سردار طالب حسین نکئیNA-142‘ چوہدری انورعلی چیمہNA-67‘ میاں محمد ریاض NA-110‘ ملک نیاز احمد جھکڑNA-182‘ میاں شمیم حیدرNA-135‘ غلام مرتضیٰ میتلا NA-159‘ راؤ سکندر اقبال NA-144‘ بلا ل احمد NA-85‘ نیلو فر قاسم مہدی NA-139‘ سردار عاقل عمر NA-128‘ بریگیڈیئر (ر) ذوالفقار احمد ڈھلوں NA-131‘ سردار آصف نکئی NA-141‘ محمد سعید ورک NA-133‘ پیر احمد شاہ کھگہNA-164‘ طارق احمد شاہ NA-136‘ فضل احمد شیخNA-150 اور سردار بہادر خان NA-181 شامل ہیں۔

(جاری ہے)

چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ نواز اور بینظیر دونوں ملک سے بھاگ کر گئے تھے اور عوام انہیں کسی طرح سے قبول کرنے کو تیار نہ ہیں۔ ووٹ دینے والوں کو پتہ ہے کہ ووٹ کس کو دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام حلقوں میں پاکستان مسلم لیگ کے مضبوط امیدوار کھڑے کئے ہیں جنہوں نے گزشتہ 5 سالوں میں عوام کی عملی طور پر خدمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان مسلم لیگ کا بھرپور اکثریت سے کامیاب کرائیں گے تا کہ ترقی کا عمل دوبارہ شروع ہو سکے۔