مسلم لیگ (ن) نے خود راستے الگ کئے،اے پی ڈی ایم قائم رہے گی،قاضی حسین احمد

پیر 10 دسمبر 2007 15:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10دسمبر۔2007ء) متحدہ مجلس عمل کے سینئر رہنماء اور جماعت اسلامی کے امیر قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے اپنے راستے خود الگ کئے ہیں اے پی ڈی ایم قائم ہے کوئی نیا اتحاد قائم نہیں کیا جائے گا انتخابات سے بائیکاٹ کرنے والی حامی جماعتوں کے اجلاس سے قبل قاضی حسین احمد نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس کا مقصد صرف آئندہ کی حکمت عملی طے کرنا تھی- انہوں نے کہا پاکستان مسلم لیگ ن نے خود اپنا راستہ الگ کیا ہے راجہ ظفر الحق نے خود اے پی ڈی ایم کے اجلاس میں یہ بات کہی تھی کہ اگر حکومت 14 دسمبر تک اے پی ڈی ایم کے مطالبات کو تسلیم نہیں کرتی تو اس صورت میں حکومت کے خلاف بھرپور تحریک چلائی جائے گی انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ اب اپنی باتوں سے منحرف ہو رہی ہے اور جوپارٹیاں انتخابات میں حصہ لینے کی طرف جائیں گے انہیں اے پی ڈی ایم سے الگ کر دیا جائے گا نئے اتحاد کے سوال پر قاضی حسین احمد نے کہا کہ کوئی نیا اتحاد نہیں بلکہ اے پی ڈی ایم ہی ان کا اتحاد ہے تاہم اس میں مسلم لیگ ن شامل نہیں ہے کیونکہ انہوں نے اپنے راستے خود الگ کئے ہیں اجلاس سے قبل قادر مگسی نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کسی ایک پارٹی یا ایک جماعت کی خاطر قومی مفاد کو نقصان نہیں پہنچایا جا سکتا انہوں نے کہاکہ انتخابات میں حصہ نہ لینے کے اعلان کے بعد گھر میں نہیں بیٹھا جائے گا بلکہ بھرپور تحریک چلائی جائے گی مسلم لیگ ن کے انتخابات میں حصہ لینے کے فیصلے کے بعد انتخابات کے بائیکاٹ کرنے کی حامی جماعتوں کا اجلاس لاہور میں عمران خان کی رہائش گاہ پر ہوا جس میں عمران خان اور قاضی حسین احمد کے علاوہ قادر مگسی محمود خان اچکزئی عابد حسین منٹو ،رسول بخش پلیجو اور منظور گیلانی سمیت دیگر سیاسی نمائندوں نے شرکت کی-