ایم ایم اے میں شامل جماعتوں میں کوئی نظریاتی جنگ نہیں آج بھی ایک منشور پر متفق ہیں ۔مولانا فضل الرحمان۔۔۔ نواز شریف اور بعض دیگر پارٹیوں کا انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان ہمارے موقف کی تائید ہے‘نجی ٹی وی سے گفتگو

منگل 11 دسمبر 2007 14:28

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 11 دسمبر2007 ) متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ نواز شریف اور بعض دیگر پارٹیوں کی جانب سے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان ان کے موقف کی تائید ہے اور وہ قاضی حسین احمد کو بھی ان حقائق کا اعتراف کرائیں گے جن کا اعتراف نواز شریف نے کیا ہے ایم ایم اے میں شامل جماعتوں میں کوئی نظریاتی جنگ نہیں آج بھی ایک منشور پر متفق ہیں اور اس اتحاد کو ہر صورت برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ منگل کو ایم ایم اے کے ہونے والے اجلاس کو اچانک منسوخ کرنا نامناسب لگا اسی لیے تمام رہنماؤں سے رابطہ کر کے دوبارہ بلایا گیا انہوں نے کہا کہ اجلاس میں شرکت کیلئے جماعت اسلامی کو بھی باقاعدہ دعوت دی تھی ایم ایم اے میں اختلافات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس کے ملک و قوم پر اچھے اثرات مرتب نہیں ہو رہے ہیں انہوں نے کہا کہ پہلے اے آر ڈی ٹوٹی پھر اے پی ڈی ایم اور اب ایم ایم اے کو توڑنے کی باتیں ہو رہی ہیں یہ تمام چیزیں ملکی سیاست کیلئے اچھی نہیں ہیں انہوں نے کہا کہ ہمارا موقف ہے کہ ایم ایم اے اتحاد کی ایک اپنی امتیازی حیثیت ہے ایم ایم اے میں شریک پارٹیوں میں کوئی نظریاتی جنگ نہیں ہے ہم آج بھی ایک منشور پر متفق ہیں انہوں نے کہا کہ صرف الیکشن میں جانے یا نہ جانے کے موقف پر ایک نظریاتی اتحاد کو توڑنا اپنے نصب العین اور اہداف کے ساتھ بہت بڑی زیادتی ہو گی ہم اتحاد کو برقرار رکھنے کے بھرپور کوشش کررہے ہیں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور بعض دیگر پارٹیوں نے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کر کے ان کے موقف کی تائید کی ہے ہماری کوشش ہو گی قاضی حسین احمد کو بھی ان حقائق کا اعتراف کرائیں جن کا نواز شریف نے کیا ہے انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے میں پانچ سالوں کے دوران بے حد احترام اور دوستی کا رشتہ قائم ہوا ہے اور اس احترام اور دوستی کے ناطے ہر حال میں ایک ساتھ بیٹھ سکتے ہیں-