نواز شریف اب بھی اے آر ڈی کے رکن ہیں‘ انتخابات شفاف نہ ہوئے تو 9 جنوری سے تحریک چلائیں گے ۔بے نظیر بھٹو

منگل 11 دسمبر 2007 14:28

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 11 دسمبر2007 ) سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن بے نظیر بھٹو نے کہا ہے کہ انکی جماعت انتخابات میں دھاندلی کی اجازت نہیں دے گی اور عوام منظم ہوکر سابقہ حکمرانوں کی جانب سے بنائے گئے دھاندلی کے منصوبے ناکام بنادیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبہ سرحد کے ضلع مردان میں پارٹی ورکروں سے خطاب کے دوران کیا بے نظیر بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا منشور غریب عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں گے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ایک نظریاتی جماعت ہے جو اصولوں کی سیاست اور پر امن جدوجہد پر یقین رکھتی ہے بے نظیر بھٹو نے کہا کہ عوام دشمن قوتیں ملک میں منصفانہ انتخابات نہیں چاہتی تاہم انتخابات میں دھاندلی کا فائدہ انتہا پسندوں کو پہنچے گا انہوں نے مردان سے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے نامزدامیدواروں سے حلف بھی لیا کہ وہ کامیاب ہوکر پارٹی پالیسیوں کی خلاف ورزی نہیں کریں گے پاکستان پیپلزپارٹی کی چیئرپرسن بے نظیر بھٹو نے کہا ہے کہ سرحد بلوچستان اور قبائلی علاقوں میں امن وامان کی بحالی کیلئے پیپلزپارٹی علیحدہ سے پروگرام رکھتی ہے جس کے تحت ان علاقوں میں عدلیہ کا قیام‘صحت‘ تعلیم اور روزگار فراہم کیا جائے گا اس کے علاوہ بلوچستان میں عام معافی کا اعلان بھی ہمارے پروگرام کا حصہ ہے دوبئی سے وطن واپس آمد پر اسلام آباد ائرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں اے پی ڈی ایم کے ٹوٹنے کا بے حد افسوس ہے تاہم نواز شریف کی جانب سے الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ مثبت قدم ہے انہوں نے کہا کہ اگر مسلم لیگ ن انتخابات کا بائیکاٹ کرتی تو ق لیگ کے مقابلے کیلئے ایک پارٹی کم ہو جاتی اب ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے روپ میں دو بڑی پارٹیاں انتخابات میں حصہ لیں گی انہوں نے کہاکہ وہ نواز شریف کو اب بھی اے آر ڈی کا رکن سمجھتی ہیں اور مسلم لیگ ن سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو سکتی ہے- بے نظیر بھٹو نے کہا کہ جب دو بڑی پارٹیاں انتخابات میں حصہ لیں گی تو حکومت شفاف الیکشن کے انعقاد پر مجبور ہو گی یا پھر دھاندلی کر کے ایکسپوز ہو جائے گی- بے نظیر بھٹو نے کہا کہ اگر انتخابات شفاف ہونے کی کوئی صورت نظر نہ آئی تو وہ ابھی سے 9 جنوری سے تحریک چلانے کیلئے حکمت عملی ترتیب دینا شروع کر دیں گی-

متعلقہ عنوان :