امریکی ریاست فلوریڈا میں مختلف مقامات پر فائرنگ سے دو بچوں سمیت پانچ افراد ہلاک ،، پولیس نے خودکشی کا خدشہ ظاہر کردیا

ہفتہ 15 دسمبر 2007 12:01

واشنگٹن (اردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 15 دسمبر 2007) امریکی ریاست فلوریڈا میں پولیس کو مختلف مقامات سے دو بچوں سمیت پانچ افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ پولیس نے شبہہ ظاہر کیا ہے کہ اس واقعے میں کسی شخص نے نامعلوم وجوہات کی بناء پر سب کو ہلاک کیا ہو اور پھر خودکو بھی گولی مار دی ہو۔ حکام کے مطابق فلوریڈا کے علاقے لارگو میں پولیس کو تین مقامات سے پانچ افراد کی لاشیں ملی ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد شبہ ظاہر کیا ہے کہ ان تمام افراد کو قتل کیا گیا ہے اور یہ واقعہ خودکشی کا کیس بھی ہوسکتا ہے۔ لارگو میں واقع اپارٹمنٹ سے دو خواتین کی لاشیں ملی ہیں۔ پولیس کاکہنا ہے کہ قاتل دونوں خواتین میں سے ایک کا شوہر ہوسکتا ہے۔ اُدھر کلئیر واٹر پولیس کو برنز ڈورف سے دو بچوں کی لاشیں ملی ہیں۔ جن کی موت کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے ۔ اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ اس کے علاوہ مقامی اپارٹمنٹ سے بھی ایک شخص کی لاش بھی ملی ہے۔ جو فائرنگ سے ہلاک ہوا۔