راشد رؤف کے فرار میں پولیس افسران کی غفلت ہو سکتی ہے،سیکرٹری داخلہ، راشد رؤف غائب نہیں ہوا بلکہ اسے غائب کیا گیا،لاپتہ افراد کا ایک اور کیس بڑھ گیا،حشمت حبیب ایڈووکیٹ

پیر 17 دسمبر 2007 12:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17دسمبر۔2007ء) سیکرٹری داخلہ سید کمال شاہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ طیارہ سازش کیس میں ملوث راشد رؤف کے فرار میں پولیس افسران کی غفلت ہو سکتی ہے تاہم انہو ں نے کہا کہ تحقیقاتی ٹیم بنا دی گئی ہے جو تین روز میں رپورٹ پیش کرے گی تاہم راشد رؤف کے وکیل حشمت حبیب نے کہا ہے کہ راشد رؤف غائب نہیں ہوا بلکہ اسے غائب کیا گیا ہے اس طرح لاپتہ افراد کے ایک اور کیس کا اضافہ ہو گیا ہے-ایک انٹرویو میں سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ڈی آئی جی جیل خانہ جات اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد پر مشتمل کمیٹی بنائی گئی ہے جسے تین روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ابتدائی تفتیش میں لگتا ہے کہ راشد رؤف کا فرار ہونا پولیس افسران کی غفلت ہے تاہم یہ دیکھنا ہو گا کہ پولیس افسران نے اس ضمن میں کوئی معاونت کی ہے یا نہیں-جب ان سے پوچھا گیا کہ راشد رؤف کی دوبارہ تلاش میں کوئی پیشرفت ہوئی ہے توانہوں نے کہا کہ ہم اسے تلاش کرنے کیلئے سنجیدہ کوششیں کررہے ہیں-دریں اثناء راشد رؤف کے وکیل حشمت حبیب نے کہا ہے کہ راشد رؤف پراسرار طور پر لاپتہ ہوئے ہیں اور محسوس ہوتا ہے کہ لاپتہ افراد کا ایک اور کیس سامنے آ گیا ہے-ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ راشد رؤف کے خلاف مقدمہ اختتام کے قریب تھا اس پر کوئی الزامات نہیں برطانوی پولیس اس کے خلاف ٹرائل نہیں کر سکتی-راشد رؤف فرار نہیں ہوا بلکہ پراسرار طور پر غائب کیا گیا ہے-ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ہم ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے کہ حکام راشد رؤف کے بارے میں آگاہ کریں لیکن ہمیں معلوم ہے کہ حکام یہی کہیں گے کہ وہ فرار ہو گیا ہے تاہم اتنی سخت سکیورٹی میں ہتھکڑی لگائے ایک شخص کیسے فرار ہو سکتا ہے مجھے بھی اس تک آزادانہ رسائی حاصل نہیں تھی اور نہ ہی اسے فرار ہونے کی ضرورت تھی-راشد رؤف انگلینڈ جانے پر تیار تھا تاہم وہ چاہتا تھا کہ اسے قانونی طور پر بھجوایا جائے-ایک سوال پر حشمت حبیب نے کہا کہ راشد رؤف غائب کیاگیا ہے خود غائب نہیں ہوا جب ان سے پوچھا گیا کہ اس کا ذمہ دار کون ہو سکتا ہے تو انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان راشد رؤف کو طیارہ سازش کا ماسٹر مائینڈ ماننے پر تیار نہیں تھی اس لیے حکومت اسے برطانیہ کے حوالے کرنے میں تذبذب کا شکار تھی اور لگتا ایسا ہی ہے کہ لاپتہ افراد کے ایک اور کیس کا اضافہ ہو گیا ہے-

متعلقہ عنوان :