عراق، بم دھماکوں ، فائرنگ اور عراقی پولیس کے آپریشن کے دوران 46افراد ہلاک ، 37 زخمی، 15مزاحمت کار گرفتار،عراقی پارلیمنٹ کی جانب سے ملک کے شمالی علاقے میں کردستان وکرزپارٹی کے ٹھکانوں پر ترکی کے فضائی حملوں کی مذمت

پیر 17 دسمبر 2007 21:50

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17دسمبر۔2007ء) عراق میں بم دھماکوں ، فائرنگ اور عراقی پولیس کے آپریشن کے دوران 46افراد ہلاک اور 37سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ 15مزاحمت کاروں کو گرفتار کرلیاگیاادھر عراقی پارلیمنٹ نے ملک کے شمالی علاقے میں کردستان وکرزپارٹی کے ٹھکانوں پر ترکی کے فضائی حملوں کی شدید مذمت کی ہے ۔عراقی پولیس کے مطابق دارالحکومت بغداد کے علاقے بیروت اسکوائر میں دو منی بسوں کے قریب بم دھماکے میں دو افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے۔

دھماکے کے بعد علاقے کو سیکورٹی فورسز نے گھیرے میں لے لیا اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔بعقوبہ میں بلاد روز مارکیٹ کے قریب ایک کارپارکنگ میں موٹرسائیکل سوار خود کش حملہ آورنے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک اور 25زخمی ہوگئے ۔

(جاری ہے)

بعقوبہ میں ہی نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے چارعراقی پولیس اہلکاروں کو ہلاک کردیا۔

دیالہ میں عراقی پولیس کی گشتی پارٹی بم حملے میں دو اہلکارزخمی ہوگئے ۔عراقی پولیس نے بغداد کے دو گاوٴں سفائت اوردوجامہ میں آپریشن کے دوران 35مزاحمت کاروں کو ہلاک اور 15کوگرفتار کرلیا۔ دوسری جانب عراقی پارلیمنٹ نے گزشتہ روز شمالی عراق میں کردستان ورکرز پارٹی کے ٹھکانوں پر ترک فوج کے فضائی حملوں کی شدید مذمت کی ہے ۔پارلیمنٹریزکاکہنا تھا کہ ترکی کو ایسی کارروائیں سے قبل عراقی حکومت کو اعتماد میں لینا چاہیے ۔ترکی کی جانب سے ایسی کارروائیوں سے بے گناہ شہری مارے جاتے ہیں جبکہ اس سے دونوں ممالک درمیان دوستانہ تعلقات میں متاثر ہوسکتے ہیں۔