جعلی پولیس مقابلہ کیس کی سماعت 12جنوری تک ملتوی ‘شہباز شریف کو مقررہ تاریخ پر دوبار ہ پیش ہو نیکا حکم

منگل 18 دسمبر 2007 12:58

لاہور(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 18. دسمبر2007 ) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے جعلی پولیس مقابلہ کیس کی سماعت 12جنوری تک ملتوی کرتے ہو ئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ(ن) کے صدر میاں شہباز شریف کو مقررہ تاریخ پر خود پیش ہو نے کا حکم دیا ہے ۔گزشتہ روز شہباز شریف کی طرف سے انکے وکیل امتیاز کیفی نے عدالت میں درخواست دی کہ میرے موکل انتخابات کی تیاریوں میں مصروفیات کی وجہ سے مصروف ہیں اس لئے عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے اس لئے انہیں حاضری سے مستثنیٰ قرار دیا جائے جس پر انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نمبر3کے جج شبیر حسین چٹھہ نے شہباز شریف کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 12جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے انہیں مقررہ تاریخ کو عدالت میں خود پیش ہونے کا حکم دیا ہے ۔

شہباز شریف پر آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کئے جانے کا امکان ہے ۔

(جاری ہے)

شہباز شریف پر یہ مقدمہ 1998 میں ان کی وزارت اعلی کے دور میں ایک جعلی پولیس مقابلے میں پانچ نوجوانوں کی ہلاکت کے قریباً تین برس بعد 2001 میں لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر درج ہوا تھا ۔ اس مقدمے کے دوران 2003 میں عدالت کے سامنے پیش نہ ہونے پر شہباز شریف کو مفرور قرار دیتے ہوئے ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے تاہم شہباز شریف کے بیرونِ ملک ہونے کی وجہ سے انہیں گرفتار نہیں کیا جا سکا تھا۔

25 نومبر کو پاکستان آمد کے بعد مدعی سعید الدین نے عدالت میں دوبارہ درخواست دی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ اب جبکہ شہباز شریف پاکستان میں ہیں تو پولیس انہیں کیوں گرفتار نہیں کر رہی جس کے بعداس کیس کی سماعت6دسمبر سے جاری ہے۔