بینظیربھٹو کے بعد نوازشریف نے اپوزیشن کی آئین وقانون کی بالادستی کیلئے جدوجہد کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایاہے ۔لیاقت بلوچ ۔۔۔ جنوری کوعوام موجودہ بوگس انتخابات کاحصہ نہ بن کر ریفرنڈم کردیں گے‘منصورہ میں مختلف وفودسے گفتگو

منگل 25 دسمبر 2007 19:36

لاہور(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 25. دسمبر2007 ) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی مشترکہ جدوجہدکوپہلے بینظیربھٹو نے اور اب نوازشریف نے ناقابل تلافی نقصان پہنچایاہے۔ ملک میں آئین‘ عدلیہ کی بحالی کی بنیاد پر لندن میں نواز شریف کی جانب سے بلائی گئی اے پی سی میں اے پی ڈی ایم تشکیل پائی تھی اور نوازشریف کی پاکستان آمد کے بعد انہوں نے انتخابات کے بائیکاٹ کااعلان بھی کیا مگرمیاں نوازشریف اپنے موٴقف سے پیچھے ہٹ گئے۔

منصورہ میں مختلف وفوداور صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ اگر انتخابات میں پہلی، دوسری، تیسری پوزیشن کوپہلے ہی طے کرلینا ہے توانتخابات کے انعقاد کاکیافائدہ ہے بینظیربھٹو اسٹیبلشمنٹ سے پہلی پوزیشن حاصل کرنے کی باتیں کررہی ہیں اب ہر آنے والا دن اس الیکشن کے غیرآئینی، غیرقانونی اقدامات کو عیاں کرتا جارہاہے8/جنور ی 2008ءء کو عوام موجودہ بوگس الیکشن کے انعقاد کابائیکاٹ کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا 3/نومبرکے بعد عدلیہ مفلوج ہے۔ ججز برطرف کردیے گئے ہیں، الیکشن کمیشن جانبدارہے ، 16کروڑعوام کے سیاسی ، جمہوری حقوق سلب ہیں اس تناظر میں انتخابات ڈھونگ ہوں گے۔ انہوں نے کہا ہم پورے ملک میں بوگس انتخابات کے حوالے سے ورکرز کنوشن کررہے ہیں اور عوام کی بڑی تعداد اس بات کو سمجھ چکی ہے کہ ان انتخابات سے ملک میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔

انہوں نے کہا ہم ملک میں آئین وقانون کی بالادستی، عدلیہ کی آزادی، جمہوریت کی بحالی کیلئے میدان عمل میں جدوجہد کررہے ہیں اور ہماری جدوجہد سے ملک وقوم کوفرسودہ نظام سے نجات ملے گی۔ انہوں نے کہا پور ے ملک صوبہ پنجاب میں ہر ضلع میں ورکرز کنونشن ہورہے ہیں ہمارے کارکنان پوری طرح انتخابات کے بائیکاٹ کی مہم میں متحرک ہوگئے ہیں ہم پنجاب کے بڑے شہروں میں جلسے اور روڈکارواں بھی چلائیں گے8/جنوری کادن فراڈ انتخابات کے خلاف عوامی ریفرنڈم کادن ہوگا۔

بعدازاں منصورہ صوبائی دفاتر لیاقت بلوچ کی زیر صدارت صوبائی مشاورتی اجلاس ہواجس میں اظہراقبال حسن، ظفرجمال بلوچ، سیّدوقاص جعفری، محمدفاروق چوہان نے شرکت کی۔ لیاقت بلوچ نے اجلاس کے شرکاء سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ملک جہاںآ ئینی، قانونی بحران سے دوچار ہے وہاں دوسری طرف آٹا، مہنگائی، ضروریات زندگی کی اشیاء کی عدم دستیابی، بجلی ، گیس کے بلوں میں اضافے اور اب پٹرول کی قیمتوں میں حکومت کی جانب سے اضافے کی شنید سنادی گئی ہے جوکہ ظلم پہ ظلم ہے ۔ انہوں نے کہا جماعت اسلامی ملک سے مہنگائی کے خاتمے کیلئے عوام کی آواز بن کر تحریک چلائے گی۔