ن لیگ جیتے یا ہارے ق لیگ نہیں جیتے گی‘ ق لیگ گھر بیٹھے سرکاری ٹی وی پر مہم چلا رہی ہے ۔ نواز شریف۔۔۔ الیکشن کمیشن نے اپنے مقاصد پورے کرنے کے بعد تبادلوں پر پابندی لگائی‘صحافیوں سے گفتگو

بدھ 26 دسمبر 2007 12:44

لاہور (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 26. دسمبر2007 ) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ن لیگ جیتے یا ہارے ق لیگ نہیں جیتے گی- ق لیگ سرکاری ذرائع استعمال کر کے گھر بیٹھے سرکاری ٹی وی پر الیکشن مہم چلا رہی ہے الیکشن کمیشن نے اپنے مقاصد پورے کرنے کے بعد تبادلوں پر پابندی لگائی ہے- نواز شریف نے گجرات اور جہلم روانگی سے قبل رائے ونڈ میں اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے با ت چیت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن جیتے یا ہارے ق لیگ نہیں جیتے گی- نواز شریف نے صدر مشرف کے اس بیان کہ لوگ ہارنے کے خوف سے دھاندلی کا شور مچا رہے ہیں پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ق لیگ کہیں بھی انتخابی مہم نہیں چلا رہی بلکہ گھر میں بیٹھ کر سرکاری ٹی وی پر اپنی انتخابی مہم چلا رہی ہے اور انتخابی مہم کیلئے سرکاری ذرائع استعمال کر رہی ہے- یہ دھاندلی نہیں تو اور کیا ہے- انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ صرف کراچی میں ہے اور کسی دوسرے شہر میں نہیں ہے نواز شریف نے پیپلزپارٹی کے نمبر ون ہونے کے دعوی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ پہلے بھی نمبر ون تھی جس کی وجہ سے وہ دو مرتبہ وزیراعظم بنے تھے اور اب بھی وہ باآسانی اکثریت حاصل کر لیں گے- نواز شریف نے الیکشن کمیشن پر اعتراض کیا کہ انہوں نے تبادلوں اور تقرریوں پر اس وقت پابندی لگائی جب 64 جوڈیشل افسران کا مطلوبہ مقاصد حاصل کرنے کیلئے ٹرانسفر کیا جا چکا ہے-